ملتان؛قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے سلسلے میں  قائد اعظم زندہ باد کانفرنس کا انعقاد

95

ملتان، 25 دسمبر (اے پی پی):ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن ملتان کے زیراہتمام  بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے سلسلے میں سہہ روزہ تقریبات کے پہلے روز میٹرو پولیٹین میونسپل کارپوریشن میں  قائد اعظم زندہ باد کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفسیر میٹرو پولیٹین میونسپل کارپوریشن ملتان چوہدری شاہد اقبال نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ قائداعظم  نے اپنی سیاسی بصیرت اور دوراندیشی کی بنا پر پاکستان کے قیام کو یقنی بنایا کیونکہ وہ جانتے تھے کہ انگریز کے جانے کے بعد ہندو برصغیر کے مسلمانوں کو اپنا غلام بنا لے گا، اس لیے انہوں نے اپنی شبانہ و روز مشقت سے  پاکستان حاصل کیا پاکستان عطیہ خداوندی ہے ہمیں اسکی قدر کرتے ہوئے وطنِ عزیز پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنابھر پور کردار ادا کرنا چاہیئے۔

کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے چئیرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن ملتان مخدوم شعیب اکمل ہاشمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائدِ اعظم محمد علی جناح  جیسا لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتا ہے جو اپنی سیاسی بصیرت کے ذریعے دنیا کا نقشہ بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے، ہمیں قائدِ اعظم  کی تعلیمات اور فرمودات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ملکی خدمت کرنی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان جن مسائل کا شکار ہے انکے حل کے لیے ہمیں پوری قوم میں 1947 والا جذبہ بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔

معروف سیاسی و سماجی رہنماؤں راوّ امجد علی،عمران اعظمی اور نعیم اقبال نعیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو اکابرین و مشاہیر اور خصوصاً قائدِ اعظم و علامہ اقبال  کی شخصیت سے روشناس کروانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ نئی نسل ان کے پیغام کو سمجھے اور اس پر عمل کرے۔

تقریب کے شرکاءِ خاص میں پروفیسر محمود حسین ڈوگر، عابد چوہان، شیخ یامین الیاس، سید شہباز حیدر بخاری، مغیث اکرام، طیبہ اعزاز ملک، اعزاز ملک، زیشان بھٹی اور حسن ندیم و دیگرشامل تھے۔