ملتان: حادثات کی روک تھام کے سلسلہ میں پولیس اور وکلاء کیجانب سے ٹریفک آگاہی ریلی کا انعقاد

103

ملتان، 22 دسمبر (اے پی پی ):  سی ٹی او ملتان کی جانب سے حادثات کی روک تھام کے سلسلہ میں ٹریفک پولیس اور وکلاء کمیونٹی نے ملکر ٹریفک آگاہی واک کا انعقاد کیا، جس میں کم عمری کی ڈرائیونگ کی روک تھام کے لئے بینرز بھی اٹھائے گئے تھے۔

اس موقع پر شہریوں  میں  ہیلمٹ تقسیم کئے گئے، اس کے علاوہ  گاڑیوں کی ہیڈ لائیٹس ، سائیڈ مرر بھی دئیے گئے ۔

بریفنگ میں سی ٹی او ظفر بزدار ، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز طاہر مجید، ڈی ایس پی سٹی وسیم اعجاز، انسپکٹر ایڈمن امجد حسین انسپکٹر اور انچارج ایجوکیشن یونٹ محمد سہیل انسپکٹر نے شرکاء سے خطاب کیا۔

اس موقع  پر ہائیکورٹ بار کے عہدیداران صدر چوہدری طاہر محمود، جنرل سیکرٹری سجاد سپرا سمیت وکلاء کمیونٹی شریک ہوئی ،مہم کا مقصد عوام کو ون ویلنگ اور کم عمر ڈرائیونگ کی روک تھام کے بارے میں آگاہی دینا ہے۔

سی ٹی او ظفر بزدار نے کہا کہ اپنے بچوں اور ان کے دوستوں پر نظر رکھیں کہ کہیں وہ ون ویلنگ جیسے خونی کھیل میں شریک تو نہیں ۔ والدین سے اپیل ہے کہ اس مہم میں ہمارا ساتھ دیں اگر آپ کو ون ویلنگ کے حوالے سے کسی سرگرمی کا علم ہو تو ٹریفک پولیس کو اطلاع دیں تاکہ قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس مہم کے دوران آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف کریک ڈاؤن بھی کیا جارہا ہے۔