ملتان ،21دسمبر(اے پی پی ):پولیو مہم کا آغاز 11جنوری 2021سے ہو گا 5 روزہ پولیو مہم کے لئے انتظامات کی تیاریاں شروع کر دی گئیں ہیں،گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیرصدارت پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی عابدہ فرید، سی او ہیلتھ ڈاکٹر ارشد ملک اور ڈی ایچ او ڈاکٹر علی مہدی نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے گزشتہ پولیو مہم کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملتان کے تمام سیوریج ڈسپوزل کے سیمپل کا منفی نتیجہ خوش آئند ہے،
لیبارٹری رزلٹ کے مطابق ضلع ملتان کی فضا پولیو وائرس سے فری ہے،عامر خٹک نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اس سال کے ابتدائی مہینوں میں پولیو مہم پر توجہ نہیں دی جا سکی،پولیو وائرس کے خاتمہ سے بچوں کو موذی مرض سے نجات مل جائے گی اور پولیو وائرس کے خاتمہ سے بین الاقوامی کمیونٹی میں پاکستان کا وقار بلند ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ جنوری میں شروع ہونیوالی پولیو مہم کے لئے تمام مطلوبہ افرادی قوت فراہم اور پولیو ورکرز کو اعلیٰ معیار کی تربیت دی جائے گی۔











