وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن اور یو این ڈی پی کا ڈیجیٹل گورننس کے منصوبوں پر باہمی تعاون

169

اسلام آباد ، 17 دسمبر(اے پی پی):وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن اور اقوام متحدہ کے ادارے یو این ڈی پی کے مابین ڈیجیٹل گورننس کے مختلف منصوبوں پر باہمی تعاون سے کام کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق سے اقوام متحدہ کے ادارے یو این ڈی پی کے اعلیٰ سطح وفد نے چیف ٹیکنیکل ایڈوائزر طارق ملک کی قیادت میں جمعرات کو ملاقات کی، اس موقع پر سیکریٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے، یو این ڈی پی کی جانب سے وفاقی وزیرآئی ٹی کو ڈیجیٹل گورننس کے حوالے سے ان کے مستقبل کے پراجیکٹس پر بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ یو این ڈی پی صحت، تعلیم، زراعت، نوجوانوں اور بچوں کے ڈیٹا، ایمرجنسی ریسپانس، ڈیجیٹل پیمنٹ سمیت مخلتف امور کو ڈیجیٹلائزڈ کرنے کے منصوبوں پر کام کررہا ہے اس ضمن میں وزارت آئی ٹی کے تعاون کے بغیر ان منصوبوں کی تکمیل ممکن نہیں۔ وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے وفد کو بتایا کہ وزارت آئی ٹی ای گورننس ، ای گورنمنٹ سمیت دیگر تمام شعبوں میں مختلف منصوبوں پر عمل پیرا ہے، تاہم اقوام متحدہ کے ادارے کے تحت پیش کیئے گئے منصوبوں پر ہر قسم کی معاونت فراہم کی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ خواتین کو بااختیار بنانے، نوجوانوں اور بچوں کا ڈیٹا، ایمرجنسی سروسز، ڈیجیٹل پیمنٹ کے پروگرامز مختلف مراحل میں ہیں جبکہ دور دراز علاقوں تک براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کیلئے یو ایس ایف کے تحت اربوں روپے کے منصوبوں کا اجراء کیا گیا ، ہمارے تمام منصوبوں کا مقصد ڈیجیٹلائزیشن اور عام آدمی تک اس کے فوائد پہنچانا ہے سید امین الحق نے کہا کہ خواہش ہے کہ  یو این ڈی پی اسٹارٹ اپس، قدرتی آٖات اور وبائی امراض کے دوران متاثر ہونے والے شعبوں سمیت آئی ٹی کے دیگر منصوبوں میں مالی معاونت فراہم کرے، اس موقع پر یو این ڈی پی وفد نے وزارت آئی ٹی کے مختلف منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کیلئے حکومت کے تمام اداروں میں وزارت آئی ٹی کی بنیادی اہمیت ہے، یو این ڈی پی ٹیکنیکل ایڈوائزر طارق ملک کے مطابق ڈیجیٹل پاکستان کا تصور اسی وقت پورا ہوسکتا ہے جب وزارت آئی ٹی کی اہمیت و افادیت کو سمجھا جائے، یہ ممکن ہی نہیں کہ کوئی حکومت ڈیجیٹلائزیشن چاہے اور وزارت آئی ٹی کو مرکزی حیثیت نہ دی جائے، طارق ملک نے بتایا کہ بیرونی سرمایہ کاروں اور غیر ملکی فنڈز دینے والوں کیلئے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن آئیڈل ہے، اس ضمن میں ہماری کوشش ہے کہ ان تمام منصوبوں کیلئے فنڈنگ کی فراہمی یقینی بنائی جائے جس کے ذریعے عام آدمی کو ڈیجیٹل ورلڈ تک رسائی اور روزمرہ معاملات میں آسانیاں فراہم ہوسکیں۔ ملاقات کے دوران وزارت آئی ٹی اور یو این ڈی پے کے مابین ورکنگ ریلیشن کے قیام سمیت دیگر امور پر بھی اتفاق رائے کیا گیا۔