وزیراعظم عمران خان کا دورہسیالکوٹ ، مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھ دیا

173

سیالکوٹ،09دسمبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ میں پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کے تحت 17 ارب کے ترقیاتی منصوبوں اور یونیورسٹی آف اپلائیڈ انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا سنگِ بنیاد رکھا۔

 بدھ کو وزیراعظم آفس کے جاری بیان کے مطابق سیالکوٹ میں صاف پانی کی سپلائی، جدید سالڈ ویسٹ مشینری اور سیوریج کے بڑے منصوبے اور تفریحی پارکس کی بحالی شامل ہے، شہر میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کے تحت پرانی پائپ لائنز کی تبدیلی، نئے ٹیوب ویلز کی تنصیب، فلٹریشن پلانٹس، اوور ہیڈ ٹینک اور پرانے ٹیوب ویلز کی مرمت و بحالی شامل ہیں۔ واٹر سپلائی پراجیکٹ کا منصوبہ 2022ءمیں مکمل ہوگا اور 2044ءتک 322,000 لوگوں کو صاف پانی مہیا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ نئی سیوریج پائپ لائنز کے ساتھ ساتھ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سے آلودہ پانی کو صاف کرکے آبپاشی کیلئے قابل استعمال بنانے کے منصوبے بھی شامل ہیں۔

 وزیرِاعظم عمران خان نے 14 ارب کی لاگت سے سیالکوٹ یونیورسٹی آف اپلائیڈ انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ یونیورسٹی سات سال کی مدت میں مکمل ہو گی اور چین، آسٹریلیا اور اٹلی کی یونیورسٹیوں سے منسلک ہوگی۔ یونیورسٹی نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کے عین مطابق اور مقامی صنعت میں کھپت کیلئے مختلف انجینئرنگ کے شعبوں میں تعلیم فراہم کرے گی۔