وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے   سعودی سفیر نواف بن سعد المالکی کی  ملاقات

105

اسلام آباد، 09 دسمبر(اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے   پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعد المالکی  نے   بدھ کو  یہاں   وزارت خارجہ میں ملاقات کی ہے  ۔

اس موقع  پر  وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے   کہا کہ انہوں نے کہا کہ  پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ   نائجر میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے سنتالیسویں اجلاس کے موقع پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے ساتھ ملاقات اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کا موقع ملا، پاکستان کی طرف سے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں کشمیر کے حوالے سے پیش کردہ قرارداد کی حمایت پر سعودی وزیر خارجہ اور سعودی حکومت کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  نیامے ڈیکلریشن میں او آئی سی کا مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے اصولی موقف کا اعادہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے حوالے سے پاکستان کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد پر سعودی عرب کی حمایت کے شکرگزار ہیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  پاکستانیوں کی کثیر تعداد گذشتہ کئی دہائیوں سے سعودی عرب میں مقیم ہے اور سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے بہت سے مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خلیجی خطے میں تنازعات کے پر امن حل کی کاوشوں کو سراہتا ہے ،پاکستان، اتحاد امہ پر کامل یقین رکھتے ہوئے مسلم ممالک کے درمیان دو طرفہ معاملات کو پر امن طریقے سے مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا حامی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم  2021 کے آغاز میں،  ریاض میں متوقع ، پاک سعودی سپریم کوآرڈینیشن کونسل (SPSCC) کے دوسرے اجلاس کے انعقاد کے منتظر ہیں ۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے  مزید کہا کہ فاٹف فورم پر سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی مسلسل حمایت خوش آئند ہے ۔