اسلام آباد، 15 دسمبر (اے پی پی ):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید آلمالکئ نے منگل کو یہاں ملاقات کی،ملاقات میں پاکستان – سعودی عرب تعلقات، سعودیہ میں پاکستانی قیدیوں کی جلد بازیابی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات باہمی بھائی چارے اور محبت پر مبنی ہیں۔ سعودی عرب میں کفالت سے متعلق نئے لیبر قوانین سے پاکستانی لیبر کو فائدہ ہوگا،نئے قوانین سے سعودی عرب میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ قیدیوں سے تبادلے سے متعلق معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کے لئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے جبکہ انسداد منشیات کے حوالے سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدے کو بھی جلد مکمل کیا جائے۔
سعودی سفیر نے شیخ رشید احمد کو وزارت داخلہ کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی۔شیخ رشید احمد نے خادمین حرمین شریفین کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ملاقات میں سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر بھی موجود تھے۔











