پاکستان میں چینی سفیر کی سینیٹر رحمان ملک سے ملاقات، سی پیک سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال

154

اسلام آباد۔17دسمبر  (اے پی پی):پاکستان میں چین کے نئے سفیر نونگ رونگ نے سابق وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ سینیٹر رحمان ملک سے جمعرات کو یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات سمیت اہم بین الاقومی امور اور سی پیک پر تبادلہ خیال کیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق سینیٹر رحمان ملک نے  گھر آنے پر سفیر نونگ رونگ کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کو  پاکستان میں بطور سفیر عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد اور  نیک خواہشات کا اظہار کیا۔  انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین دوستی کا رشتہ بہت مضبوط ہے اور روز بروز مستحکم ہوتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات نئے نوجوان ، زیرک ، تعلیم یافتہ اور تجربہ کار سفارتکار نونگ رونگ کی قابل قیادت میں مزید مستحکم اور مضبوط ہوگے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل اوقات میں پاکستان کی بھرپور مدد کرنے پر چین کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور وبائی مرض کورونا وائرس کے دوران چین کی طرف سے بھرپور مدد فراہم کرنے پر ہم سب پاکستانی قوم چین کے شکر گزار ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے  بین الاقوامی امور خصوصاً خطہ میں بڑھتے ہوئے تناؤ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ سینیٹر رحمان ملک نے حال ہی میں ڈس انفو لیب کی انکشافات میں بیان شدہ چین اور پاکستان کے خلاف ہندوستانی حکومت کی مجرمانہ کارروائیوں پر بریفنگ دی۔  انہوں نے کہا کہ جعلی خبروں ، مشکوک این جی اوز ، تھنک ٹینکس اور سوشل میڈیا کے ذریعے بھارت دونوں ممالک کے خلاف سازش کر رہا تھا۔ انہوں نے ہندوستان کی بھارت و پاکستان کیخلاف منفی اور بدنامی پر مبنی پروپیگنڈے کو تفصیل سے روشنی ڈالی۔ دونوں رہنماؤں نے بیان کیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں پر پیشرفت پورے خطے کے لئے وقت بدلنے والی چیز ثابت ہوگی اور دونوں ممالک کی معیشت پر مثبت تبدیلیاں اور اچھے اثرات مرتب کرے گا۔  انہوں نے اظہار خیال کیا کہ سی پیک عوام سے عوام کے رابطے اور چین پاک ملٹی سیکٹر تعاون کو بڑھانے کے لئے مثالی کردار ادا کر رہا ہے۔ دونوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سی پیک مخالف لابی کبھی بھی اپنے مزموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگی۔ سفیر نونگ رونگ نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر سینیٹر رحمان ملک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ ذاتی طور پر چین کے بہت اچھے دوست ہیں اور آپ کے تعاون سے چین میں دہشت گردی کو روکنے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین خطے کے امن اور استحکام کے لئے زیادہ سے زیادہ تباہمی عاون جاری رکھیں گے۔ چینی سفیر نے چین اور پاک دوستی کو مستحکم کرنے پر پیپلز پارٹی کی قیادت کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان مشکل وقتوں میں ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔سینیٹر رحمان ملک نے چینی سفیر کو اپنی پانچ کتابوں کا ایک سیٹ پیش کیا جس پر انہوں نے رحمان ملک کے عظیم فکری کام کی بے حد تعریف کی۔ دونوں رہنماؤں نے تحائف اور شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا اور ملاقات اڑھائی گھنٹے سے زیادہ جاری رہی۔