پوزیشن کے پاس کوئی بیانیہ نہیں، سب جانتے ہیں یہ چوری بچاؤ مہم ہے؛ وزیر تعلیم پنجاب

122

 

 

لاہور، 18 دسمبر(اے پی پی): صوبائی وزیرِ تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کا بھرپور اور جامع استعمال ہی شفافیت کو یقینی بناتا ہے، اپوزیشن کے پاس کوئی بیانیہ نہیں، سب جانتے ہیں یہ چوری بچاؤ مہم ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیرِ تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے  ڈیجیٹل کانٹینیوس پروفیشنل ڈیولپمنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا،جس کا انعقاد قائد ہیڈکوارٹرز وحدت روڈ لاہور پر کیا گیا  اور تقریب میں ڈائیرکٹر جنرل قائد، پی ڈی پی ایم آئی یو، ڈائیریکٹر آئی ٹی پی آئی ٹی بی و دیگر متعلقہ حکام شریک تھے۔

ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ یہ سسٹم پرائمری سطح پر اساتذہ کی بہتر تربیت و ٹریننگ میں انتہائی مددگار ثابت ہو گا۔قائد اعظم اکیڈمی فار پروفیشنل ڈیولپمنٹ نے بغیر کسی اضافی بجٹ کے یہ کارآمد سسٹم تیار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قائد، پی آئی ٹی بی اور دیگر متعلقہ اداروں نے اساتذہ کے لئے اس منصوبے کو اتنی قلیل مدت میں تیار کیا جو کہ قابل دید ہے،ہمیں کم وقت میں زیادہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کا بھرپور اور جامع استعمال ہی شفافیت کو یقینی بناتا ہے۔مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں اسی طرز کے منصوبے کو 14 ارب کی لاگت سے مکمل کیا جانا تھا۔

ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے اس منصوبے کو 30 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے،گزشتہ حکومت کو اس منصوبہ پر سالانہ 14 کروڑ خرچ کرنا تھے جبکہ موجودہ حکومت سالانہ 25 لاکھ پی آئی ٹی بی کو ادا کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ  کل پنجاب کابینہ کے اجلاس میں صوبہ پنجاب کے لئے سنگل نیشنل کریکولم کی منظوری دی گئی ہے،سنگل نیشنل کریکولم پر عملدرآمد کے حوالے تیاری مکمل، جلد عملدرآمد کیا جائے گا: ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ  تعلیمی سال کے حوالے سے حتمی فیصلہ مشاورت سے کیا جائے گا۔اپوزیشن کے پاس کوئی بیانیہ نہیں، سب جانتے ہیں یہ چوری بچاو مہم ہے۔ پی ڈی ایم کے لاہور جلسے کی بدترین ناکامی نے اپوزیشن کے حوصلے پست کر دئیے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ماضی کی حکومتوں کی جانب سے تعلیمی نظام کو دانستہ طور پر تباہ کیا گیا۔آج جب اپوزیشن پورے ملک میں چوری بچاو مہم چلا رہی ہے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب  اپنا ڈیجیٹلائیزیشن کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔