وزیر خارجہ نے دبئی میں قائم پاکستانی قونصل خانے کا دورہ کیا

454

اسلام آباد,18دسمبر  (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دبئی میں  پاکستانی قونصل خانے کا دورہ کیا۔قونصل خانے پہنچنے پر دبئی میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل احمد امجد علی اور قونصل خانے کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔قونصل جنرل دبئی احمد امجد علی نے قونصل خانے کی کارکردگی کے حوالے سے وزیر خارجہ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ قونصل خانے نے کورونا وبا کے دوران وطن واپسی کے منتظر 58،500 پاکستانیوں کو وطن واپس بھجوایا – 4600 ایسے پاکستانی جن کے پاس ملازمت ختم ہونے کے باعث وسائل نہیں تھے ان کے لیے ٹکٹس اور سفری اخراجات کا انتظام کیا -کوروناوبا کے دوران دبئی قونصل خانے نے 17500 راشن بیگز تقسیم کیے اور 359 میتیوں کو پاکستان بھجوانے کا بندوبست کیا ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی شہریوں کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل، ہماری حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے ۔وزیر خارجہ نے قونصل جنرل کو ہدایت کی کہ وہ اقتصادی سفارت کاری کو بروئے کار لاتے ہوئے، دبئی کےسرمایہ کاروں کو پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے بہترین مواقعوں سے مؤثر طور پرروشناس کروائیں ۔وزیر خارجہ نے قونصل خانے میں موجود وزیٹر بک میں اپنے تاثرات بھی رقم کیے۔وزیر خارجہ نے قونصل خانے کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور عوام الناس کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔