چترال؛اورغوچ کیلئے پانی کی فراہمی  کا منصوبہ مکمل،معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ کیلاش نے افتتاح کیا

137

چترال،04دسمبر(اے پی پی): مضافاتی علاقہ اورغوچ کے 3200 عوام کو پانی کی فراہمی کیلئے82 لاکھ روپے کی لاگت سے آبنوشی کا منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختون کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ کیلاش نے منصوبے کا افتتاح کیا۔

 محکمہ پبلک ہیلتھ انجنئیرنگ نے تیس ہزار گیلن کی ایک ٹینکی بنائی ہے  جس سے یہاں کی عوام کو پینے کے صاف پانی کی  فراہمی ہو گی، ٹینکی سے پانی کی فراہمی پائپ لائنوں کے ذریعے ہو گی جس کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

منصوبے کے افتتاح کے موقع پر  وزیر اعلیٰ خیبر پختون کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ کیلاش نے علاقے کے لوگوں کو یقین دلایا کہ موجودہ حکومت ان کی مسائل حل کرنے میں کافی مخلص اور سنجیدہ ہے۔

اس موقع پر لوگوں نے خوشی میں مٹھائی بھی تقسیم کی  اور ان کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔

فرید الحق اورغوچ کا باشندہ ہے، ان کا کہنا ہے کہ یہاں کی خواتین سروں پر مٹکوں میں دریا اور دور دراز   جگہوں سے  پانی لانے پر مجبور تھیں، اس پانی کی وجہ سے اکثر بچے پیٹ کی بیماری میں مبتلا ہوتے، اب صوبائی حکومت نے  ان کیلئے پینے کی پانی کا بندوبست کیا  ہے جس پر ہم نہایت خوش ہیں اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ہمارا دیرینہ مطالبہ پورا کیا۔

  عبدالحق بھی اورغوچ کے  رہائشی ہیں، جنہوں  نے کہاکہ  یہاں کے لوگوں کیلئے پینے کی پانی کی شدید قلت تھی اب پبلک ہیلتھ انجنیرنگ نے ایک ٹینکی بنائی ہے  جس سے کسی حد تک ہمارا مسئلہ تو حل ہوگا مگر ہم صوبائی حکومت سے یہ بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارے لئے مستقل بنیادوں پر پینے کی پانی کا بندوبست کیا جائےکیونکہ یہ پانی جہاں سے آتا ہے وہ ہمارا آبپاشی کی ندی ہے جس سے نصف پانی ہمارے کھیتوں کو سیراب کرتا ہے  اور نصف پانی اس ٹینکی میں گرتا ہے جو ناکافی ہے۔