بورے والا: شہر کو محفوظ بنانے کیلئے “سیف سٹی” منصوبے کا افتتاح کر دیا گیا

190

بورے والا،04 دسمبر(اے پی پی ):  شہر کو محفوظ بنانے کیلئے سول سوسائٹی نیٹ ورک اور کوثر مجید فاونڈیشن کے تعاون سے مکمل ہونے والے”سیف سٹی” منصوبے کا افتتاح  آر پی او ملتان وسیم احمد خاں نے کردیا ۔

بورے والا سیف سٹی منصوبے پر 40 لاکھ روپے لاگت آئی ہے ،شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر 28 جدید کیمروں سے مانیٹرنگ کے لئے ڈی ایس پی آفس میں کنٹرول روم قائم کردیا گیاہے۔

 افتتاحی تقریب سے خطاب میں آر پی او ملتان وسیم احمد خان اور ڈی پی او وہاڑی احسان اللہ چوہان کا کہنا تھا کہ سول سوسائٹی نیٹ ورک کا یہ منصوبہ کمیونٹی پولیسنگ کی جانب ایک قابل ستائش اقدام ہے،جس سے جرائم پیشہ افراد کی نشاندہی  اور جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ اس طرز کے منصوبے دیگر شہروں میں بھی بننے چاہیئے جس کے لئے سماجی شعبے کو آگے آنا ہوگا۔

تقریب میں سول سوسائٹی کے پیٹرن انچیف شیخ شہزاد مبین نے سیف سٹی کیمروں کی تنصیب میں مکمل تعاون کرنے پر آر پی او ملتان،ڈی پی او وہاڑی اور ڈی ایس پی بورے والا کا بھی شکریہ ادا کیا۔