اسلام آباد ،03 دسمبر(اے پی پی )؛کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود سے چیمبر آف کامرس کے وفد نے خواجہ صلاح الدین کی قیادت میں ملاقات کی۔ اس موقع پر کمشنر ملتان نے کہا کہ تاجر برادری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ انتظامیہ تاجران کے جائز مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔کمشنر آفس کے دروازے ہر خاص و عام کیلئے کھلے ہیں۔وزیراعلی کی اوپن ڈور پالیسی وژن کو اپناتے ہوئے اور کرپشن اور سرخ فیتہ کلچر کے خاتمے کیلئے دفاتر کے دروازے عام پبلک کیلئے کھلوا دیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں بڑے پیمانے پر شجرکاری کی جارہی ہے جس میں تاجر برادری اور مخیر حضرات کا تعاون حاصل ہے۔کمشنر جاوید اختر محمود نے تجاوزات کیخلاف کارروائی بارے موثر حکمت عملی تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری تجاوزات کے خلاف کارروائی میں انتظامیہ کا ساتھ دے۔ شہر کو صاف اور خوبصورت بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ کمشنر جاوید اختر محمود نے بتایا کہ ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز کو واٹر فلٹریشن پلانٹس فنکشنل کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔ جلد ہی تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس فعال کر دیے جائیں گے جبکہ جیو میپنگ کروا کر دوسرے مقامات پر بھی واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے۔ کمشنر نے کہ انجمن تاجران کے ساتھ ملکر ڈویژن کے مسائل حل اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیں گے۔ حکومت کی پالیسیوں کو کامیاب بنانے کیلئے تاجران کے کردار سے انکار ممکن نہیں اس لیے تاجران اداروں میں مسائل،بد عنوانی کی نشاندہی کریں۔ کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ پناہگاہوں کے قیام، اور بے گھر لوگوں کی مدد و فلاح کیلئے تاجر برادری تعاون کرے۔اس موقع پر چیمبر آف کامرس کے وفد نے شہر میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے، مثبت سرگرمیوں کے فروغ کیلئے پارکوں کی تزین و آرائش بارے اقدامات کرنے اور شہر میں بجلی کی بے ہنگم تاروں کے خلاف کارروائی کی بھی درخواست کی۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز ،بھتہ اور قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاون کیا جائے اور تاجر برادری اس معاملے میں انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔وفد نے بڑے پیمانے پر شجر کاری پر کمشنرکو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انکی ملتان ڈویژن میں تعیناتی خوش آئند ہے۔وفد میں افتخار علی شاہی سینئیر وائس پریزیڈنٹ،شفیع شیخ وائس پریزیڈنٹ، بخش الہی ایگزیکٹو ممبر، محمد شفیق سیکریٹری جنرل، اظہر احمد ممبر، ندیم احمد ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ، شیخ فیصل سعید ایگزیکٹو ممبر، اورنگزیب سینئر ممبر، الطاف شاہد ایگزیکٹو ممبر بھی موجود تھے۔











