پشاور، 8دسمبر(اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ محمود خان نے منگل کے روز یہاں گورنر ہاؤس میں اجلاس کی صدارت کی اور فرنٹیئر ریجن (ایف آر) پشاور اور کوہاٹ میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔
اجلاس کو سابقہ ایف آر (سب ڈویژنز) پشاور اور کوہاٹ کے علاقوں میں جاری منظوری شدہ ترقیاتی سکیموں اور آئندہ ترقیاتی سکیموں پر کام کی پیشرفت کے بارے میں بتایا گیا۔
گورنر اور وزیراعلیٰ نے دونوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ کام کے معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔ محکموں کو تمام ترقیاتی منصوبوں پر پندرہ دن کے اندر تک جائزہ لینے کے لئے بھی کہا گیا۔ اس موقع پر گورنر نے کہا کہ سابقہ ایف آرز پشاور اور کوہاٹ کے علاقوں میں ہونے والے ترقیاتی منصوبوں سے مقامی لوگوں میں احساس محرومی کا ازالہ ہوگا اور ان علاقوں میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کی شروعات ہوگی۔
وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت ضم شدہ اضلاع اور سب ڈویژنوں میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ کے پی حکومت وعدے کے مطابق قبائلی اضلاع میں تیز رفتار ترقیاتی منصوبوں کو انجام دینے کے لئے پرعزم ہے۔











