صوابی ، 27 دسمبر(اے پی پی ): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے صوابی میں جلسے کے دوران کہا کہ انشاءاللہ چار دن بعد یکم جنوری 2021 سے ضلع صوابی میں صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کا باقاعدہ افتتاح کر دیا جاے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نےضلع صوابی کی یونین کونسل بام خیل میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوابی سمیت دیگر چھ ضلعوں کی عوام کو بلا تفریق صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کا باقاعدہ افتتاح یکم جنوری 2021 کو کر دیا جائے گا۔
اسپیکر نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ پورے پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا کیلئے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے بہت بڑا تحفہ ہے۔ اس سے ایک خاندان ہر سال 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کروا سکیں گے۔ صوابی یونین کونسل بام خیل میں پروٹیکشن وال، سڑکوں اور گلیوں کیلئے 17.4 ملین کی رقم کی منظور ہو چکی ہے جس پر جلد کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔گیس کے اسکیم پر 10 کروڑ روپے لاگت آئی ہے جو 22 کلو میٹر طویل پائپ لائن ہے جس کا افتتاح فوری کر دیا جائے گا 50 کروڑ روپے اس کے علاوہ ترقیاتی اسکیموں پر کام جاری ہے۔
اسپیکر نے کہا کہ کنڈہ میں زچہ بچہ ہسپتال کی منظوری دے دی گئی ہے جس پر بہت جلد کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ہسپتال 85 بستروں پر مشتمل ہوگا اور اس پر 3.3 ارب روپے لاگت آئی گی۔چکدرہ سے سوات اور چترال موٹروے کی منظوری دے دی گئی ہے جس پر کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ موجودہ حکومت کا عزم ہے کہ عوام کے توقعات پر پورا اترے اور ان کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے تاکہ ان کی زندگی میں بہتری آئے۔میری کوشش ہے صوابی کی تمام محرومیوں کو ختم کرنے کی کوشش کرونگا۔











