خیبرپختونخوا حکومت کا فیس بک سے پاکستان میں منیٹائزیشن آن کرنے کے لیے رابطہ

78

پشاور، 21جنوری(اے پی پی):  صوبائی مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبر پختونخوا ضیاء اللہ بنگش نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوان سوشل میڈیا پر پاکستان کا ایک بہتر امیج پروموٹ کر رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے نوجوان فیس بک سے پیسے کما سکیں اور اس جدید دور میں یہ ان کے لیے آمدنی کا زریعہ بنے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں اور آئی ٹی انڈسٹری سے وابستہ لوگوں کی جانب سے پاکستان میں فیس بک کی منیٹائزیشن آن کرنے کا مطالبہ کیا گیا جس کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایت پر فیس بک سے رابطہ کیا کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ یوٹیوب کی طرح فیس بک بھی پاکستان میں منیٹائزیشن آن کرے تاکہ ہمارے نوجوان اور آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ لوگ فیس بک سے پیسے کما سکیں۔

ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے فیس بک کی منیٹائزیشن آن کرنے کے لیے باقاعدہ اقدامات شروع کر دیے انشاءاللہ جلد ہمارے نوجوانوں کو خوشخبری ملے گی، اور فیس بک ہمارے نوجوانوں کے لیے پیسے کمانے کا ذریعہ بننے سمیت پاکستان میں سیاحت کے فروغ کا سبب بنے گا جس سے ملک کا ایک بہتر امیج پروموٹ ہو گا۔