وزیراعلیٰ محمود خان کا دورہ کرک ، ضلع  کو گیس کی فراہمی کیلئے دو ارب روپے دینے کا اعلان

158

کرک،26 جنوری(اے پی پی): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کرک کی پوری آبادی کو گیس کی فراہمی کیلئے دو ارب روپے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیل اور گیس کی رائلٹی کا فنڈ ضلع کرک اور دیگر پیداواری اضلاع کے عوام کا حق ہے۔

 ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے منگل کو  یہاں ضلع کرک کے ایک روزہ دورے کے موقع پر کیا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کے احکامات کی روشنی میں آئل اینڈ گیس کی رائلٹی کا فنڈ براہ راست کرک کے عوام پر لگانے کیلئے کرک ایریا ڈویلپمنٹ پراجیکٹ بھی شروع کر رکھا ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے مخ بانڈہ ڈیم کا سنگ بنیاد بھی رکھا، یہ منصوبہ 814 ملین روپے کی لاگت سے تین سال کے عرصے میں مکمل کیا جائے گا، اس ڈیم کی تعمیر سے 725 ایکڑ اراضی زیر کاشت آئے گی ۔

دریں اثناءوزیراعلیٰ نے بانڈہ داﺅد شاہ تا گرگری 38 کلومیٹر لمبی سڑک کی بحالی و مرمت کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھ دیا ۔ یہ منصوبہ 587 ملین روپے کی لاگت سے دو سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے غرکلے میں چھ کلومیٹر لمبی سڑک کے علاوہ کرک ایریا ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت متعدد دیگر منصوبوں کا بھی افتتاح کیا۔