وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے پشاور ڈی آئی خان موٹروے منصوبے کو جنوبی اضلاع کی پائیدار بنیادوں پر ترقی کیلئے ایک اہم منصوبہ قرار دے دیا

94

کرک،26 جنوری (اے پی پی ): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پشاور ڈی آئی خان موٹروے منصوبے کو جنوبی اضلاع کی پائیدار بنیادوں پر ترقی کیلئے ایک اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے  کہا ہے کہ چھ لینز پر مشتمل یہ منصوبہ 260 ارب روپے کی تخمینہ لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ اس موٹروے کو سی پیک کا حصہ بنایا جائے گا جس سے علاقے میں تجارتی اور کاروباریوں سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور لوگوں کو روزگار کیلئے مواقع میسر آئیں گے ۔

منگل کو یہاں ایک عوامی اجتماع سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس مہینے کے آخر تک ساوتھ ریجن کے تمام اضلاع کی سو فیصد آبادی تک صحت کارڈ پلس اسکیم کی توسیع کا اجراء کیا جائے گا جس سے جنوبی اضلاع کے عوام کو سالانہ 10 لاکھ روپے تک علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم ہوں گی ۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے بانڈہ داﺅد شاہ میں مختلف پرائمری اسکول کے قیام کے علاوہ چشمہ ڈیم کو فیڈرل پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے جبکہ پہلے سے قائم ڈیم سے پانی کی فراہمی کیلئے ایریگیشن چینل تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا۔

 اجتماع سے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش اور ایم این اے شاہد خٹک نے بھی خطاب کیا۔