آڈیٹر جنرل ادارے کے اندر موجود خرابیوں کو دور کرنے کیلئے ایک ماہ میں روڈ میپ تیار کریں، صدر ڈاکٹر عارف علوی کی آڈیٹر جنرل آف پاکستان جاوید جہانگیر سے   گفتگو

128

اسلام آباد۔22جنوری  (اے پی پی):صدر ڈاکٹر عارف علوی نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو ہدایت کی ہے کہ آڈٹ آٹومیشن کے عمل کو تیزی سے مکمل کریں تاکہ ادارے میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے، آڈیٹر جنرل ادارے کے اندر موجود خرابیوں کو دور کرنے کیلئے ایک ماہ میں روڈ میپ تیار کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو آڈیٹر جنرل آف پاکستان جاوید جہانگیر سے ملاقات کےدوران کیا۔ ایوان صدرکے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق آڈیٹر جنرل جاوید جہانگیر نے صدر کو اے جی پی آفس کی کارکردگی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے ادارے کی استعداد کار میں بہتری لانے کے اقدامات پر بریفنگ دی۔ صدر عارف علوی نے کہاکہ آڈیٹر جنرل ادارے کے اندر موجود خرابیوں کو دور کرنے کیلئے ایک ماہ میں روڈ میپ تیار کریں، معمولی مسائل میں الجھنے کی بجائے ادارے میں موجود شدید بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آڈیٹر جنرل ادارے میں موجود کمزوریوں کی نشاندہی کریں اور قابل عمل حل تجویز کریں، آڈٹ آٹومیشن کے عمل کو تیزی سے مکمل کریں تاکہ ادارے میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔