وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ  خصوصاً گندم اور چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے  جائزہ اجلاس ہوا

145

اسلام آباد، 22 جنوری  (اےپی پی )؛وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ  خصوصاً گندم اور چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے  جائزہ اجلاس ہوا۔

وزیر خزانہ نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ گزشتہ سات ہفتوں کے Sensitive Price Indicators کی روشنی میں پیاز، ٹماٹر اور مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔ آئندہ کچھ ہفتوں میں ویجیٹیبل گھی کی قیمتوں میں بھی کمی آنا شروع ہو جائے گی ۔

اجلاس کو گندم کی ریلیز کے حوالے سے اقدامات پر بھی آگاہ کیا گیا۔ شرکاء کو چینی کی درآمد کے حوالے سے ای سی سی کے فیصلے اور اس کے چینی کی قیمت میں کمی پر اثر ات پر بھی آگاہ کیا گیا ۔

وزیراعظم عمران خان نے رمضان المبارک میں عوام کو اشیائے خوردونوش کی بلا تعطل اور کم نرخوں  پر دستیابی کے حوالے سے تیاری اور بروقت اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد سے پہلے عام آدمی کو اشیائے ضرور یہ کی دستیابی اور قیمتوں میں کمی کو یقینی بنایا جائے ۔

اجلاس کو آئندہ سال گندم کی پیداوار کی فورکاسٹ اور ضرورت کے مطابق درآمد کی تیاری کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ حکومت کے گندم کی درآمد کے فیصلے کی بدولت مارکیٹ میں استحکام آیا ہے۔

اشیائے ضرور یہ ، خصوصا گندم اور چینی  کی قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے پیداوار میں اضافے پر توجہ مرکوز رکھنےاور اس ضمن میں صوبوں کو پیداوار میں اضافے کی غرض سے اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

وزیراعظم نے ملکی آبادی کی خوراک کی ضروریات کے پیش نظر پیداوار میں اضافے کے حوالے سے ایک جامع اور موثر پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی تاکہ فوڈ سیکیورٹی کے روڈمیپ پر عملدرآمد کے زریعے جہاں ملک خوراک کی ضروریات میں خود کفیل ہو سکے وہیں درآمدات پر آنے والے اخراجات میں کمی لا ئی جائے۔

وزیراعظم نے یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے ضرور یہ کی بلا تعطل دستیابی کو یقینی بنانے اور رمضان المبارک تک قیمتوں کے حوالے سےمانیٹرنگ پر مسلسل آگاہ رکھنے کی ہدایت کی ۔

اجلاس میں  وفاقی وزراء  مخدوم خسرو بختیار، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، سینیٹر شبلی فراز، سید علی حیدر زیدی، سید فخر امام، علی امین گنڈا پور، مشیر وزیراعظم  ڈاکٹر عشرت حسین،  معاونین خصوصی محمد عثمان ڈار، ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز اور سینئیر افسران شریک۔ صوبائی وزیر خوراک عبدالعلیم خان، مشیر وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر سلمان شاہ، صوبائی چیف سیکرٹری صاحبان کی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت  کی۔