احساس کفالت پروگرام کے تحت فروری سے خصوصی بچوں کے والدین کو معاونت فراہم کی جائے گی،بیگم ثمینہ عارف علوی   کا خصوصی افراد کی فائونڈیشن کادورہ

114

اسلام آباد,22جنوری  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ بیگم ثمینہ عارف علوی  نے کہا ہے کہ احساس کفالت پروگرام کے تحت فروری سے خصوصی بچوں کے والدین کو معاونت فراہم کی جائے گی،خصوصی بچوں کی انفرادی ضروریات کے مطابق ووکیشنل ٹریننگ کیلئے متعلقہ اداروں سے مل کر کام کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں خصوصی افراد کی فائونڈیشن کے دورہ کے موقع پر کیا۔ بیگم ثمینہ عارف علوی کو جسمانی اور ذہنی طور پر معذور بچوں کی بحالی کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی ۔  بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ خصوصی بچوںکی ان کی انفرادی ضروریات کے مطابق تعلیم و تربیت اور تھراپی کی جاتی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ احساس کفالت پروگرام کے تحت فروری سے خصوصی بچوں کے والدین کو معاونت فراہم کی جائے گی۔معذور بچوں کی رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کیلئے ون ونڈو آپریشنز شروع کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی بزنس کمیونٹی سے مل کر خصوصی بچوں کی ووکیشنل ٹریننگ کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ خصوصی افراد کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی ضرورت ہے۔خصوصی بچوں کی انفرادی ضروریات کے مطابق ووکیشنل ٹریننگ کیلئے متعلقہ اداروں سے مل کر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے بچوں کی تیار کردہ دستکاریوں کا بھی معائنہ کیا۔