سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی  نے فیصل مسجد کی صفائی اور تزئین و آرائش کی صورتحال کا نوٹس لے لیا

88

اسلام آباد،22جنوری  (اے پی پی):سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی نے فیصل مسجد کی صفائی اور تزئین و آرائش کی صورتحال کا نوٹس لے لیا ہے، کمیٹی کو مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے تحفظ اور انتظام سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو چیئرمین کمیٹی ستارہ ایاز کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ اجلاس میں سینیٹرز ثنا جمالی، مشاہد حسین سیّد، فیصل جاوید، محمداکرم اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ کمیٹی نے مسجد میں صفائی کی صورتحال پر ناگواری کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے کہا کہ مسجد انتظامیہ اس حوالہ سے مناسب انتظام یقینی بنائے جبکہ مسجد کا پیش امام اپنے خطبات میں صفائی کی اہمیت کو اجاگر کرے۔ کمیٹی نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے تحفظ اور انتظام پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ مارچ 2016 سے فروری 2020 تک مارگلہ ہلز نیشنل پارک کے مختلف ٹریلز کی صفائی کیلئے 100 سے زائد مہمات چلائی گئیں۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ نے ماحول تباہ کرنے والی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے دفعہ 144 نافذ کی ہے۔