اخبار فروشوں کے تمام مسائل وزارت اطلاعات ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی؛ وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز

128

اسلام آباد،7جنوری  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ غریب اور پسے ہوئے طبقات کے لئے اقدامات اٹھائے ، احساس پروگرام، لنگر خانے، پناہ گاہیں اور کامیاب جوان پروگرام اس کا منہ بولتا ثبوت ہے، اخبار فروش سخت موسموں میں بھی اخبارات گھر گھر تک پہنچانے کی ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں ، ماضی میں مواقعوں کی منصفانہ تقسیم نہیں ہوئی صرف ایک خاص طبقے کو نوازا گیا ہے۔ انہوں   نے اخبار فروشوں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے تمام مسائل وزارت اطلاعات ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی ۔

 وہ جمعرات کو پی آئی ڈی میں اخبارفروشوں کے لئے پیکیج کے اعلان کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات ونشریات زاہدہ پروین ،ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس بپی ، ٹکا خان کے علاوہ جڑواں شہروں کے اخبار فروشوں کی کثیر تعداد تقریب میں شریک تھی ۔

 وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں صحت انصاف کارڈ کے کامیاب تجربے کے بعد وفاق اور پنجاب میں صحت انصاف کارڈ کا دائرہ مرحلہ وار بڑھائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا ایک وباسے نمٹ رہی ہے ،ا  س دوران نوکریاں ختم اورلوگ بری طرح متاثر ہوئے ہیں،آج تک ہم نے ایسے عالمی بحران کو نہیں دیکھا اس کے باوجود وزیراعظم عمران خان کی کامیاب حکمت عملی سے ملک میں زندگیوں اور روزگار دونوں کا تحفظ کیا گیا ہے۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم کا سارا سیاسی سفر عوام کے سامنے ہے، اقتدار میں نہیں بھی تھے تو غریبوں کے لئے شوکت خانم ہسپتال اور یونیورسٹی بنائی اور جب حکومت میں آئے تو پسے ہوئے طبقات کو سہولیات فراہم کرنے کی بات کی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بیت المال کا سربراہ عون عباس بپی کو بنایا جو احسن انداز سے وزیراعظم کے ویژن پر عمل کر رہے ہیں ۔ شبلی فراز نے کہاکہ پاکستان بیت المال نے وزارت اطلاعات کے ساتھ ملکر اخبار فروشوں اور انکے اہلخانہ کے لئے ایک بہترین پیکیج کا اعلان کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی مسلسل نظر اندازی کی وجہ سے فاٹا،پنجاب ، بلوچستان کے جنوبی علاقے ترقی میں پیچھے رہے گئے ، ہماری حکومت کی سوچ یہ ہے کہ تمام علاقوں میں مساوی ترقی ہونی چاہیے ۔

 سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات زاہدہ پروین نے کہا کہ ہم نے مل بیٹھ کر ایک پیکیج تیار کیا ہے جو اخبار فروش اور ان کے اہلخانہ کے لئے ہے ، صحت اہم شعبہ ہے ،بیت المال کے ساتھ ملکر فیصلہ کیا کہ 6لاکھ روپے اخبار فروش اور ان کی فیملی کے علاج کے فراہم کیے جائیں گے ،سکول ، کالج ،یونیورسٹیوں میں پی ایچ ڈی تک کا خرچ پاکستان بیت المال برداشت کرے گی ،حادثے میں جسمانی معذوری پر مالی امداد فراہم کی جائے گی ۔ اخبار فروشوں کو پاورٹی الیوی ایشن  فنڈ بھی سود سے پاک قرضہ فراہم کرے گا ۔

ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس بپی نے کہا کہ 80ہزار اخبار فروش ہیں ،کوویڈ کی وجہ سے یہ تعداد کم ہو کر 22ہزار آچکی ہے، جب ہم سو رہے ہوتے  ہیں تو اخبارفروش قومی ذمہ داری کے طور پر اخبارات گھروں تک پہنچاتے ہیں،کورنا نے جہاں ہر طبقے کو متاثر کیا ہے وہاں اخبار فروش بھی متاثر ہوئے ہیں کیونکہ اخبارات کی سرکولیشن کم ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزارت اطلاعات کے ساتھ ملکر اخبار فروشوں کو سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ شروع کر رہے ہیں ۔

 عون عباس بپی نے کہا کہ بیت المال کی جانب سے ایک فوکل پرسن مقرر کیا جائےگا اور بیت المال کے ضلعی دفاتر کو بھی ہدایت دیدی ہے کہ اخبار فروشوں کی درخواستوں کو فاسٹ ٹریک پر چلایا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ اخبار فروشوں کے بچوں کی فیسیں ‘ تھیلیسیما اور تمام موذی امراض کے علاج کے لئے فنڈز فراہم کریں گے ۔ ووکیشنل ٹریننگ کرنے والی بچیوں کو پاورٹی الیوی ایشن فنڈز بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے،بیت المال کے 160سکولوں میں فری تعلیم ، یونیفارم ، کتابیں اور وظیفہ فراہم کیے جارہے ہیں۔

آل پاکستان اخبار فروش یونین کے ٹکا خان نے وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز ،سیکرٹری اطلاعات اور ایم ڈی بیت المال کا اخبار فروشوں کے لئے پیکیج کے اعلان پر شکریہ ادا کیا ۔

اے پی پی /ڈیسک/ھامد