پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں خیبرپختونخوا سے متعلق صدارتی اعلامیوں کی منظوری، قراردادیں آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت منظور کی گئیں

4

اسلام آباد، 15 اکتوبر (اے پی پی): پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے خیبرپختونخوا میں ہنگامی حالت سے متعلق صدر مملکت کی جانب سے 11 اکتوبر 2026 کو جاری کردہ صدارتی اعلامیے کی توثیق کے لیے آئین کے آرٹیکل 232 اور آرٹیکل 234 کے تحت پیش کردہ قراردادوں کی منظوری دے دی۔ اجلاس کے دوران اپوزیشن ارکان نے شدید احتجاج اور نعرے بازی کی جبکہ متعلقہ قواعد کی شرائط معطل کرنے کی تحریک کے حق میں 234 اور مخالفت میں 56 ارکان نے کھڑے ہو کر اپنی رائے کا اظہار کیا۔ ایجنڈے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔

جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں خیبرپختونخوا کی صورتحال اور صدر مملکت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیوں کی توثیق سے متعلق اہم آئینی امور زیر غور آئے۔

اجلاس کے دوران صدارتی اعلامیوں کی توثیق کے لیے قراردادیں پیش کرنے کی غرض سے متعلقہ قواعد کی شرائط معطل کرنے کی تحریک پیش کی گئی۔ تحریک کے تحت رول 14 کے ذیلی قاعدہ 2 اور رول 15 کے ذیلی قاعدہ 5 میں قرارداد پیش کرنے کے لیے مقررہ نوٹس کی مدت سے متعلق شرائط معطل کرنے کی منظوری طلب  کی گئی۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تحریک ایوان میں منظوری کے لیے پیش کی۔ ایوان میں تحریک پر ارکان کی گنتی کی گئی جس کے دوران 234 ارکان نے تحریک کے حق میں جبکہ 56 ارکان نے مخالفت میں کھڑے ہو کر اپنی رائے کا اظہار کیا۔ اس طرح ایوان نے کثرت رائے سے تحریک منظور کر لی۔

بعد ازاں خیبرپختونخوا میں ہنگامی حالت سے متعلق صدارتی اعلامیے کی توثیق کے معاملے پر بحث کا آغاز ہوا۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے حکومت کا مؤقف پیش کیا۔

بحث کے بعد آئین اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آرٹیکل 232 کی شق 7 کے تحت قرارداد ایوان میں منظوری کے لیے پیش کی گئی۔ قرارداد کا تعلق آئین کے آرٹیکل 232 کی شق ایک کی دوسری شرط کے تحت جاری کردہ اعلامیے کی منظوری سے تھا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے قرارداد ایوان میں رائے شماری کے لیے پیش کرتے ہوئے ارکان سے حمایت اور مخالفت میں رائے طلب کی۔ صوتی رائے شماری کے بعد اسپیکر نے قرارداد کی منظوری کا اعلان کیا۔

اس کے بعد ایجنڈے کی شق نمبر 6 کے تحت آئین کے آرٹیکل 234 کی شق 3 کے مطابق ایک اور قرارداد ایوان میں پیش کی گئی جس کے ذریعے صدر مملکت کی جانب سے 11 اکتوبر 2026 کو آئین کے آرٹیکل 234 کی شق ایک کے تحت صوبہ خیبرپختونخوا میں جاری کردہ اعلامیے کی منظوری طلب کی گئی۔

اس طرح پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے آئین کے آرٹیکل 232 اور آرٹیکل 234 کے تحت پیش کی گئی دونوں قراردادوں کی منظوری دے دی۔

ایجنڈے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے صدر مملکت کے دستخط سے جاری حکم نامہ پڑھ کر سنایا جس کے تحت آئین اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آرٹیکل 54 کی شق ایک کے تحت جمعرات 15 اکتوبر 2026 کو طلب کردہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔