اسپیکر قومی اسمبلی  اسد قیصر  سے آزاد جموں کشمیر  کے صدر سردار مسعود خان کی ملاقات

82

 

اسلام آباد،22جنوری  (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے آزاد جموں کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں چیئر مین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی بھی موجود تھے۔ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر نے اس موقع پر کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور پاکستان کبھی اس سے غافل نہیں ہو سکتا،پاکستانی عوام اور حکومت کشمیری عوام اور کشمیر میں ہونے والے ظلم و بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ کشمیری عوام کےبھارتی مظالم اور برابریت کے سامنے غیر متزلزل جذبہ حق خوداردیت کی دنیا میں مثال نہیں ملتی،دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور کشمیری عوام کے قتلِ عام کا نوٹس لےبھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔

اسد قیصر  نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کیا جائے،پاکستان کاپارلیمان کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت اور جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتاہے۔پاکستان کی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کے لیے بھرپور اقدامات اُٹھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹیوں برائے انسانی حقوق، خارجہ امور اور کشمیر کمیٹی کو مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کی ہدایات کی گئیں ہیں۔

 صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کی عوام پوری طرح مقبوضہ وادی کی عوام کے ساتھ کھڑی ہے ،کشمیر کے عوام کی منزل پاکستان ہے اور پاکستان ہی رہے گی،کشمیری عوام کل بھی پاکستان کے ساتھ کھڑے تھے اور آج بھی پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرے اور وہاں پر جاری نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت فوری بند کرے،ملک کی سالمیت اور بقا کے لیے پوری قوم متحد ہے اور ہر جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہےجبکہ موجودہ حکومت نے کشمیر میں بھارتی افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بھرپور انداز میں عالمی سطح پر اُجاگر کیا ہے ۔

 صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور مسئلہ کشمیر کے پُر امن حل کے لیے کاوشیں قابلِ ستائش ہیں،مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر عالمی پارلیمانوں نے بھرپور انداز میں آواز اُٹھائی ہے۔

صدر آزاد کشمیر نےپارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو علاقائی و عالمی سطح پر اُجاگر کرنے پر اسپیکر قومی اسمبلی کو خراج تحسین پیش کیا۔