حکومت پنجاب آئندہ سال سے یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام متعارف کروا رہی ہے؛ وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت

68

رحیم یار خان،12 جنوری(اے پی پی ): وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے   کہا ہے کہ حکومت پنجاب آئندہ سال سے یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام متعارف کروا رہی ہے ، یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام پر سالانہ 50 ارب لاگت آئے گی، حکومت پنجاب کے اس پروگرام سے صوبہ کی 11 کروڑ آبادی مستفید ہو گی، ہر خاندان کے فرد کو 5 تا 10  لاکھ کی ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائے گی۔

تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال کے دورہ کے موقع پر   میڈیا  سے  گفتگو میں  صوبائی وزیر نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام سے قبل صوبہ کی ہیلتھ سہولیات کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔

مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا کہ  میں نے تحصیل خانپور اور ٹائون کمیٹی ظاہر پیر کا تفصیلی دورہ کیا ہے،ضلع رحیم یار خان میں 10 ارب کی لاگت سے روڈ انفراسٹرکچر اور صحت سہولیات کو بہتر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال اینڈ میڈیکل کالج میں سرجیکل ٹاور تعمیر کیا جا رہا ہے، خانپور سٹی پیکج کے لئے متعلقہ حکام سے تفصیلات طلب کر لی ہیں ۔