خواتین کو بااختیار بنانا تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان   بزدار

72

لاہور،29جنوری(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار  عثمان بزدار نے کہا ہے  کہ خواتین کو بااختیار بنانا تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے۔ خواتین ارکان صوبائی اسمبلی کو ان کا جائز حق دیں گے ،عوام کے مسائل کے حل کے لئے خواتین ارکان اسمبلی کا کردار نظر انداز نہیں کیاجاسکتا ہے۔ نئے پاکستان میں خواتین کو عزت و احترام، ترقی، خود مختاری اور تحفظ دیں گے، ترقیاتی منصوبوں میں خواتین ارکان اسمبلی کے مشوروں کو بھی اہمیت دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار  وزیراعلیٰ پنجاب نے جمعہ کو یہاں خواتین ارکان اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو   کرتے ہوئے کیا۔ملاقات کرنے والوں میں مومنہ وحید، آسیہ امجد، عائشہ نواز اور شاہینہ کریم کھوسہ شامل تھیں جبکہ چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات میں فلاح عامہ کے منصوبوں، خواتین اراکین اسمبلی کو مزید با اختیار بنانے اور مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ منفی امتیاز کے خاتمے، خواتین کے حقوق کے تحفظ اور سماجی و معاشی خودمختاری کیلئے تاریخ ساز اقدامات کئے ہیں۔ملازمت پیشہ خواتین کی سہولت کیلئے سرکاری و نجی اداروں میں ڈے کیئر سینٹرز کا قیام عمل لایا گیا ہے جبکہ عوام کے حالات بدلنے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے  کہا  کہ  سابق ادوار میں ارکان اسمبلی کو بری طرح نظرانداز کیا گیا، گزشتہ حکومت  میں   اسمبلی کو ربڑ سٹمپ سے زیادہ اہمیت نہیں دی گئی ۔

 عثمان بزدار نے کہا کہ   ارکان اسمبلی ہمارے سر کے تاج ہیں،کوئی معاشرہ خواتین کی عملی میدان میں شمولیت کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔

 اس  موقع پر خواتین ارکان اسمبلی کا کہنا تھا  کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار انتہائی محنت کے ساتھ صوبے کو آگے لے کر جا رہے ہیں۔خوشی ہے کہ ماضی میں نظر انداز کئے گئے   پسماندہ علاقوں پر بھی  توجہ دی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ  نے کہا کہ آپ کے علاقوں کے مسائل نوٹ کر لئے ہیں، انہیں فوری طو ر پر حل کریں گے ۔