خیبر پختونخوا پولیس ملک دشمن عناصر کو دندان شکن شکست دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے: آئی جی پی

98

صوابی ،28 جنوری (اے پی پی ) :انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے کہا ہے کہ بنیادی تربیت کا حصول جوانوں کے پیشہ ورانہ کیرئیر بنانے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور پولیس جوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے آپ کو ہر قسم کے تربیتی علوم سے آراستہ کرکے عوام کی صحیح معنوں میں خدمت کے لیے فیلڈ میں اتریں۔

یہ بات اُنہوں نے پولیس ٹریننگ سکول صوابی میں خیبر پختونخوا پولیس کے ریکروٹس کی پاسنگ آوٹ پریڈ کے شرکاءسے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پولیس سربراہ نے کہا کہ پولیس کو قانون کے محافظ کی حیثیت سے ملک اور عوام کے بہترین مفاد میں اپنے فرائض انجام دینے چاہئیں اور ہر قسم کے پریشر اور دباﺅ سے آزاد ہوکر اپنی سروس کے اعلیٰ وقار، اس کی اعلیٰ شہرت اور اس کے دیانتدار انہ کردار کو قائم و دائم رکھنا چاہیے۔ پولیس سربراہ نے کہا کہ پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں بنیادی تربیت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ پولیس جوانوں کو ہر قسم کی جدید اور سائنسی بنیادوں پر تربیت سے آراستہ کرنے کے لئے بھر پور کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ معاشرے میں اُنہیں جرائم پیشہ افراد کی جانب سے درپیش چیلنجوں اور خطرات سے موثر طریقے سے نمٹنے کے قابل بنایا جاسکے۔ انہوں نے جوانوں پر زور دیا کہ وہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور مظلوم کی داد رسی کو اپنا نصب العین بنائیں۔ آئی جی پی نے پاس ہونے والے جوانوں کو فراہم کی جانے والی تربیت کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اور امید ظاہر کی کہ پاس ہونے والے جوان حاصل کردہ تربیت کو بہتر طور پر استعمال میں لاتے ہوئے تخریب کاروں اور جرائم پیشہ افراد کی جانب سے لاحق خطرات کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ انہوں نے تربیت کے دروان نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے سکول کے تربیتی عملے کے کاوشوں کی بھی تعریف کی جنہوں نے مختصر عرصے میں جوانوں کو بہترین تربیت فراہم کی۔ آئی جی پی نے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے جوانوں کو اعلیٰ کارکردگی کے بیجز سجائے اور سکول کو درپیش مسائل کے جلد از جلد حل کرنے کا یقین دلایا۔ قبل ازیں آئی جی پی نے پاسنگ آﺅٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور شرکاءسے سلامی لی۔

اس سے قبل پولیس ٹریننگ سکول صوابی کےپرنسپل نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے سکول کے نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی ,انہوں نے کہا کہ دوران ٹریننگ انہیں پولیس رول قواعد و ضوابط سے آگاہ کرتے ہوئے لیکچرر دئے گئے,اور باقاعدہ چاند ماری بٹ میں فائرنگ کا مظاہرہ کئے گیے۔کوالیفائڈ اور تجربہ کار انسٹرکٹر کی بدولت انہیں پولیس کے تمام تربیت سے آگاہ کیا پولیس ٹریننگ سکول صوابی میں اب تک 1787 جوان تربیت حاصل کرچکے ہیں۔

پاسنگ آﺅٹ پریڈ میں ضلع سوات، ہنگو، ایبٹ آباد اور مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 390 جوانوں نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ  اس موقع پر آئی جی پی نے وومن ڈیسک اور سویمنگ پول کا افتتاح بھی کیا۔