رحیم یار خان؛ صوبائی وزیرمخدوم ہاشم جواں بخت نے رورل ہیلتھ سنٹر کی اپ گریڈیشن کا سنگ بنیاد رکھ دیا

71

رحیم یار خان،12 جنوری (اے پی پی ): صوبائی وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت  نے   رحیم یار خان کا دورہ کیا   اور میانوالی قریشیاں میں رورل ہیلتھ سنٹر کی اپ گریڈیشن کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ آر ایچ سی میانوالی قریشیاں کو تحصیل سطح کے ہسپتال میں منتقل کیا جا رہا ہے، منصوبہ ایک سال کی قلیل مدت میں مکمل کیا جائے گا۔انہوں  نے کہا کہ  60بیڈز پر مشتمل منصوبہ  30 کروڑ سے زائد لاگت سے مکمل کیا جائے گا،تحصیل سطح کے ہسپتال میں تمام جدید طبی سہولیات میسر ہوں گی۔

مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر صوبائی حکومت جنوبی پنجاب عوام کی محرومیوں کا ازالہ کر رہی ہے جبکہ  وزیر اعلی سردار عثمان بزدار کی قیادت میں جنوبی پنجاب کی عوام کو ان کا حق دیا جا رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر علی شہزاد سمیت عمائدین علاقہ اور افسران بھی اس موقع پر  موجود  تھے ۔