صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ترک وزیر خارجہ  مولود چاوش اولوکو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ہلال پاکستان عطا کر دیا

93

اسلام آباد،13جنوری  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ترک وزیر خارجہ  میولود چاوش اولوکو پاک ترک تعلقات کے استحکام کے اعتراف میں دوسرا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ہلال پاکستان عطا کیا۔ ایوارڈ دینے کی تقریب بدھ کی صبح یہاں ایوان صدر میں ہوئی جس میں ترک وزیر خارجہ کے ہمراہ آنے والے وفد کے علاوہ  وفاقی وزرا اور سول حکام نے شرکت کی۔

 تقریب کا آغاز قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ اس موقع پر سیکرٹری کابینہ ڈویژن سردار احمد نواز سکھیرا نے دو طرفہ تعلقات کے استحکام کے لئے ترک وزیر خارجہ کی خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترک وزیر خارجہ نے امن و سلامتی کے لئے نمایاں اقدامات کئے اور پاک ترک تعلقات کے استحکام اور ان تعلقات کو سٹریٹیجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لئے اہم کردارادا کیا۔

ترک وزیر خارجہ دوسرے  پاک ترک آذربائیجان سہ فریقی اجلاس میں شرکت کےلئے پاکستان  آئے ہوئے ہیں۔ ہلال پاکستان کے اعزاز کی تقریب سے قبل ترک وزیرخارجہ نے صدر مملکت سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

واضح   رہے  کہ ہلال پاکستان کا ایوارڈ پاکستان کے قومی مفاد ، شاندار ثقافتی و سماجی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔ اب تک جن غیر ملکیوں نے یہ اعزاز حاصل کیا ان میں نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن، چینی وزیر خارجہ وینگ ژی اور پاکستان کے لئے سابق چینی سفیر یائو جن شامل ہیں۔