طورخم،1جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے طور خم بارڈر پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، بارڈر مینجمنٹ سسٹم کو بہتر بنائیں گے، سامان کی کلئیرنس کابھی جدید نظام لارہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو طورخم بارڈر کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بارڈر مینجمنٹ سسٹم میں بین الاقوامی معیار کے مطابق جدت لا رہےہیں،طورخم بارڈر پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔طورخم کے ذریعے ہم وسطی ایشیاتک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے مسافروں کی آمدورفت اور سامان کی کلئیرنس مزید سہل ہوجائیگی اور تمام حائل رکاوٹیں اور مشکلات دور ہو جائیں گی، افغانستان کو بھی اپنی حدود میں مسافروں اور کنٹینرز کی سہولت کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے چاہیے۔
وفاقی وزیر برائے داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق طورخم بارڈر پر امپورٹ ایکسپورٹ کے لئے بہترین اور جدید نظام لارہے ہیں۔ طورخم۔ بارڈر پر مسافروں اور کنٹینرز کی آمد و رفت کے لئے پرائمری انسپکشن، پیسنجر ٹرمینل، امپورٹ اور ایکسپورٹ ٹرمینل کے ذریعے جلد اور بہتر طریقے سے کلیئرنس ہوگی۔