معذوری سرٹیفکیٹ کی آسان اور فوری دستیابی کے لئے ون ونڈو آپریشنز متعارف کرانے کی ضرورت ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی  کا اجلاس سے خطاب

131

اسلام آباد۔21جنوری  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی  نے کہا ہے کہ معذوری سرٹیفکیٹ کی آسان اور فوری دستیابی کے لئے ملک میں ون ونڈو آپریشنز متعارف کرانے کی ضرورت ہے،  متعلقہ سٹیک ہولڈرز  خصوصی افراد کی آسانی کیلئے اسلام آباد میں طبی ماہرین اور نادرا کے نمائندوں پر مشتمل ایک ادارہ جاتی نظام قائم کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو خصوصی افراد کی رجسٹریشن سے متعلق اجلاس  کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیفِ غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر ، چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین اور وزارت صحت کے حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ معذوری سرٹیفکیٹ کی آسان اور فوری  دستیابی کے لئے ملک میں ون ونڈو آپریشنز متعارف کرانے کی ضرورت ہے،  سرٹیفیکیٹ اور رجسٹریشن کا موجودہ عمل سست اور مشکل  ہے،اسے آسان بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ افراد باہم معذوری ملکی آبادی کا تقریباً 12 سے 14 فیصد حصہ ہیں، متعلقہ سٹیک ہولڈرز  خصوصی افراد کی آسانی کیلئے اسلام آباد میں طبی ماہرین اور نادرا کے نمائندوں  پر مشتمل ایک ادارہ جاتی  نظام قائم کریں ، معذوری کی تعریف پر اتفاق رائے پیدا کرنے اور معذوری کی تصدیق کے لئے صوبوں سے مشاورت کی جائے۔ اس موقع پر صدر مملکت کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اب تک نادرا کے ساتھ 339،000 سے زائد خصوصی افراد رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، احساس پروگرام کے تحت خصوصی افرادسے متعلق سروے جون 2021 کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا۔