ملتان؛تیسرے روز بھی داخلی راستوں کی  صفائی جاری،شاہراہوں کو30 فٹ کشادہ کردیا گیا

79

ملتان، 14جنوری(اے پی پی):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب زاہد اختر زمان کی ہدایت پر شہر کی داخلی شاہراہوں کیلئےصفائی آپریشن جاری ہے، ویسٹ منیجمنٹ کمپنی آج تیسرے روز بھی شہر کے داخلی راستوں کی  صفائی میں مصروف عمل ہے۔

 سپیشل صفائی سکواڈ کو لوڈر،ڈمپر سمیت بھاری مشینری کی مدد حاصل ہے، شاہراہوں پر اگنے والی خود رو جھاڑیوں کی کٹائی کا عمل بھی جاری و ساری ہے، شاہراہوں کے ڈیوئیڈر کے ساتھ لائم لائنگ بھی کی جارہی ہے، کھاد فیکٹری کے بالمقابل شاہراہ پر گرینڈ صفائی آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

 شاہراہ کے دونوں طرف سڑک پر جمنے والی مٹی کو فرنٹ بلیڈ ٹریکٹر سے ہٹا لیا گیا ہے، ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے صفائی عملہ نے شاہراہوں کو30 فٹ کشادہ کردیا ہے۔

 ایم ڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی  فخرالاسلام ڈوگر نے شہر کے داخلی راستوں کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں  نے  کہا کہ شاہراہیں کسی بھی شہر کا چہرہ ہوتی ہیں، شاہراہوں کی خوبصورتی سے تاریخی شہر ملتان  کے وقار میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ داخلی شاہراہوں کی صفائی سے ملتان آنیوالے سیاح اور شہریوں پر خوبصورت تاثر قائم ہو گا۔

فخرالاسلام ڈوگر نے کہا کہ کمپنی اسی ماہ 300نئے سینٹری ورکرز بھرتی کرنے جارہی ہے،نئی مشینری خریدنے کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔

فخرالاسلام ڈوگر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی قیادت میں کمپنی انتظامیہ  شہر کو نیارخ دینے کے لئے پرعزم ہے۔