پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز لمٹیڈ کے ترجیحی حصص کی لسٹنگ کے لیے  تقریب کا انعقاد

47

کراچی،14جنوری  (اے پی پی):پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک نمایاں پیش رفت کے طور پر اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز لمٹیڈ کے ترجیحی حصص کی لسٹنگ کے لیے گونگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جمعرات کے روزٹریڈنگ کے دن کا آغاز کرتے ہوئے اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز لمٹیڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جہانگیر پراچہ نے گھنٹہ بجایا۔ اس موقع پر پی ایس ایکس کے سی او او نادر رحمان، پی ایس ایکس بورڈ کے اراکین اور دونوں اداروں کی اعلیٰ انتظامیہ کے افراد بھی موجود تھے۔ ایشو کے کنسلٹنٹ عارف حبیب لمٹیڈ کی قیادت اور اعلیٰ انتظامیہ کے اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز لمٹیڈ نے 10 روپے فی حصصں کی فیس ویلیو پر30 کروڑ ترجیحی حصصں پیش کر کے 3 ارب روپے اکٹھے کئے ۔ یہ حصص 10 روپے فی حصص کی ایشو پرائس پر فکسڈ پرائس طریقہ کار کے تحت پیش کیے گئے تھے۔ پیش کیے جانے والے30 کروڑ ترجیحی حصص میں سے 26 کروڑ 25 لاکھ یعنی 87.5 فیصد ترجیحی حصصں آئی پی او سے پہلے سرمایہ کاروں کو پیش کیے گئے اور انہوں اس میں سبکرائب کیا جبکہ 3 کروڑ 75 لاکھ ترجیحی حصص یعنی 12.5 فیصد عام افراد کے لیے پیش کیے گئے۔

اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز لمٹیڈ کا ترجیحی حصص کا آئی پی او زبردست کامیابی سے ہمکنار ہوا جب 3 کروڑ 75 لاکھ ترجیحی حصص کے ہدف کے مقابلے میں 20 کروڑ 20 لاکھ سے زائد حصص کی سبکرپشن کے لیے درخواستیں موصول ہوئیں۔ عام افراد کے لیے پیش کیے جانے والا آئی پی او 5.39 گنا سبکرائب ہوا یعنی 16 کروڑ 40 لاکھ حصص یا 1.645 ارب روپے زیادہ رہا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی ایس ایکس کے سی او او نادر رحمان نے کہاکہ ایک مستحکم، مضبوط اور بڑھتی ہوئی کمپنی کے ترجیحی حصص میں سرمایہ کاری کرنے کا یہ اچھا موقع تھا، اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلزلمیٹڈ نے مزید توسیع اور بہتری کے لیے سرمایہ حاصل کیا ہے، ہدف سے زیادہ شمولیت سرمایہ کاروں کا کمپنی پر اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے میں اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلزلمیٹڈ کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

 اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز لمٹیڈ کے سی ای او جہانگیر پراچہ نے اس موقع پر کہا کہ اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز لمٹیڈ کے ترجیحی حصص ایک زبردست ٹرانزیکشن تھی جس کے ذریعے ایک مشکل برس میں نان رائٹس بنیادوں پر ترجیحی پیسہ اکٹھا کیا گیا، اس ایشو کی کامیابی نے سرمایہ کاروں کا اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلزلمیٹڈ کے بزنس اور اس کی اسٹرٹیجک سمت پر اعتماد کو ظاہر کر دیا ہے۔

 اس یادگار موقع پر اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز لمیٹڈ شرکت کرنے والے تمام ریٹیل سرمایہ کاروں اور شراکت داروں کا شکریہ ادا کرتی ہے جس نے اس انسٹرومنٹ میں شرکت کر کے اس ایشو کو زبردست کامیابی سے ہمکنار کیا، اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز لمٹیڈ ملک کی معاشی ترقی میں اپنے کردار کے تسلسل کے ساتھ اپنے تمام شراکت داروں کے لیے قدر بڑھانے اور پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کی مزید ترقی کے لیے پر عزم ہے۔

ایشو کے کنسلٹنٹ عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) کے سی ای او شاہد علی حبیب نے کہا کہ میں اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز لمیٹڈ کے ترجیحی حصصں کے آئی پی او کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتا ہوں، کورونا وائرس کی وبا سے پیدا ہونے والے چیلنج کے باوجود ہم ترجیحی حصص کے لیے شاندار رسپانس پیدا کرنے میں کامیاب ہوئے جس کا آئی پی او ادارہ جاتی، کارپوریٹ اور ریٹیل سرمایہ کاروں کی بڑی شرکت کی وجہ سے 5.4 گنا زیادہ سبکرائب ہوا، عارف حبیب لمٹیڈ کی لیے بھی یہ ایک فخر کی بات ہے کہ ہم نے کمپنی کے اس کام میں سہولت فراہم کی جس نے اپنا تیسرا انسٹرومنٹ پی ایس ایکس کا لسٹ کرایا۔