ملتان؛ڈپٹی کمشنر عامر خٹک سے پی ٹی آئی کے عہدیداروں کے وفد کی ملاقات

52

ملتان، 23جنوری(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عامر خٹک سے پی ٹی آئی کے ضلعی صدر خالدجاوید وڑائچ کی قیادت میں پی ٹی آئی کے عہدیداروں کے وفد نے ملاقات کی

 ڈی سی عامر خٹک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورکرز شہر کی ترقیاتی اور سماجی خدمت میں اپنا کردار ادا کرنے کے لئے انتظامیہ کا ہاتھ بٹائیں، ورکرز اپنے علاقے کے مسائل بہتر طور پر جانتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ورکرز کی نشاندہی پر شروع کئے جانیوالے ترقیاتی منصوبوں کے بہترین ثمرات سامنے آئیں گے، شہر میں جاری تجاوزات کے خلاف مہم میں اگر کارپوریشن کا اہلکار رکاوٹ ہے تو نشاندہی کریں۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات مافیا کی سرپرستی بارے ثبوت فراہم کرنیکی صورت میں اہلکار کے خلاف کارروائی ہو گی، انتظامیہ کی خواہش ہے کہ ریڑھی والوں کو اپنا روزگار کمانے کے لئے جگہ فراہم کی جائے۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کارکن اسے حوالے سے مناسب جگہ کی نشاہدہی کریں، ضلع میں وزیراعظم ٹائیگر فورس کے 35 ہزار رضاکار رجسٹر کئے گئے ہیں، ٹائیگر فورس کے ممبرز پرائس کنٹرول کے حوالے سے کردار ادا کریں اور  زخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوری کی نشاندہی کریں،کارروائی انتظامیہ کرے گی۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ واسا فارن فنڈڈ پروگرام کے تحت سیوریج کے منصوبوں پر کام کا آغاز کررہا ہے،شہر کے سیویج مسائل مرحلہ وار حل کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ محکمہ صحت اور مختار اے شیخ ہسپتال کے اشتراک سے دیہی علاقوں میں فری میڈیکل کیمپ لگائے گی۔

 عامر خٹک نے کہا مخیر حضرات کے تعاون سے ادویات بھی مفت فراہم کی جائیں گی جبکہ  ضلع میں کھیلوں کی سرگرمیاں جلد شروع کی جائیں گی۔

 پی ٹی آئی رہنماؤں کی طرف ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کو بہترین پرفارمنس پر شیلڈ بھی پیش کی گئی، عہدیداروں نے ملتان کی تعمیر و ترقی اور مختلف مسائل کے حل کے لئے متحرک کردار ادا کرنے پر ڈپٹی کمشنر کو خراج تحسین پیش کیا۔