وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی منزل کی جانب بڑھتے رہیں گے :وزیر اعلیٰ عثمان بزدار

56

لاہور،23 جنوری(اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار  نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی منزل کی جانب بڑھتے رہیں گے،وزیراعظم عمران خان قوم کی امید ہیں۔

ان خیالات  کا اظہار  وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہفتہ کو یہاں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت  سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات میں  صوبے میں امن عامہ کی صورتحال اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اقدامات سمیت  سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صوبائی وزیر قانون نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاریوں سے بھی آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کی اورکہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، صوبے میں قانون کی پاسداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور کسی صورت قانون شکنی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے لئے تیاریاں کی جا رہی ہیں، نیا بلدیاتی نظام نچلی سطح پر لوگوں کو حقیقی معنوں میں با اختیار بنائے گا اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے۔

 وزیر اعلیٰ نے  کہا کہ ترقی کا سفر نچلی سطح تک لے کر  جائیں گے، پنجاب کے ہر شہر اورگاؤں میں ترقی کا نیا دورشروع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن  نے اڑھائی برس احتجاج کیا جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے  عوامی خدمت کی ہے،پی ڈی ایم  کا کوئی ایحنڈا نہیں ہے، عوام نے اپوزیشن کی انتشار کی سیاست کو یکسر رد کر دیا ہے، یہ عناصر عوام میں اپنی ساکھ کھو چکے ہیں ۔

اس موقع پر راجہ بشارت نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں، بلدیاتی انتخابات کےلیے مشاورت  جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسا بلدیاتی نظام لا رہے ہیں، جس سے عوام کے مسائل گراس روٹ لیول پر حل ہونگے ۔

راجہ بشارت نے کہا کہ پی ڈی ایم نے ہر اہم ایشو پر منفی  سیاست  کی کوشش کی ہے، اپوزیشن  نے قومی مفادات کو یکسر فراموش کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام  نے جلسوں سے لاتعلق رہ کر  اپوزیشن کو آئینہ دکھا دیا ہے۔