موجودہ دور حکومت میں جتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں اتنے کام تاریخ میں کبھی نہیں ہوئے؛ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان

122

پشاور،13 جنوری(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صحت کارڈ پلس سکیم کو موجودہ حکومت کا صوبے کے عوام کیلئے ایک بڑا تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ رواں ماہ کے آخر تک صوبے کی سو فیصد آبادی کو صحت کارڈ کی توسیع کا عمل مکمل ہو جائے گا جس کے بعد صوبے کی تقریباً4 کروڑ آبادی کو400 منتخب ہسپتالوں میں سالانہ 10 لاکھ روپے تک علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم ہوں گی، ضم شدہ اضلاع کی سو فیصد آبادی کو پہلے ہی سے یہ سہولت فراہم کی گئی ہے اور اگلے بجٹ میں ضم شدہ اضلاع کے عوام کیلئے بھی صحت کارڈ کے تحت سالانہ چھ لاکھ روپے کی رقم بڑھا کر 10 لاکھ روپے کر دی جائے گی۔

 بدھ کے روز ضلع صوابی کے دورے کے موقع پر ضلع کی سو فیصد آبادی تک صحت کارڈ پلس سکیم کی توسیع کے اجراءکے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی حکومت کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ جس نے صوبے کے عوام کیلئے ایک ایسا انقلابی منصوبہ شروع کیا ہے جو دُنیاکے اکثر ترقیافتہ ممالک میں بھی شروع نہیں کیا گیا۔ اُنہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق عام آدمی کی فلاح کیلئے اقدامات اُٹھار ہی ہے،وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ ملک میں کوئی بھی شخص بھوکا نہیں سوئے گا اور سب کو علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم ہوں گی ۔

 اُنہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو ایک ایک کر کے مکمل کر رہی ہے ، گزشتہ صوبائی حکومت کی اچھی کارکردگی کے نتیجے میں صوبے کے عوام نے گزشتہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اُمید ہے کہ اگلے عام انتخابات میں بھی پی ٹی آئی پر اعتماد کا اظہار کریں گے ۔

 حزب اختلاف کی جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ گزشتہ ادوار میں کسی نے اسلام کا لبادہ اُوڑھ کر اور کسی نے پختونوں کا علمبردار بن کر صوبے کے عوام کو دھوکہ دیا، ان لوگوں نے اپنی تجوریاں بھرنے کے علاوہ عوام کیلئے کچھ بھی نہیں کیا اسلئے عوام نے اُنہیں یکسر طور پر مسترد کر دیا ہے ، ان لوگوں کا وقت گزر چکا ہے ،اب وہ بیروزگار پھر رہے ہیں تاہم یہ لوگ بھی مفت علاج معالجے کیلئے صحت کارڈ پلس سکیم سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔

اپنی حکومت کی دوسالہ کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت نے دو سال کی مختصر مدت میں تین بڑے منصوبے مکمل کئے ہیں جن میں بی آر ٹی ، سوات موٹروے فیز ون ، رشکئی اکنامک زون شامل ہیں، صوبے میں مواصلات ، توانائی ، سیاحت اور صنعت سمیت دیگر شعبوں میں میگا منصوبوں پر پیشرفت جاری ہے جن کی تکمیل سے یہ صوبہ تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا اورملک کے دیگر حصوں سے لوگ روزگار کیلئے صوبے کی طرف رخ کر یں گے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا پہلا صوبہ ہے جس نے اپنی فوڈ سکیورٹی پالیسی تیار کر لی ہے جس پر عمل درآمد سے صوبہ زرعی پیداوار میں خود کفیل ہو جائے گا۔