موٹر وے پولیس نے محنت، لگن اور ایمانداری کے جذبہ سے سرشار ہو کر عوام کی خدمت  کرکے   محکمے کا نام روشن کیا، وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا تقریب سے خطاب

88

اسلام آباد۔24جنوری  (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ موٹر وے پولیس نے محنت، لگن اور ایمانداری کے جذبہ سے سرشار ہو کر عوام کی خدمت کی اور محکمے کا نام روشن کیا، موٹر وے پولیس کی کامیابیوں  میں تمام افسران اور جوانوں کی محنت، حسن اخلاق اور جذبہ کار فرما ہے جو نہ صرف موٹر وے پولیس بلکہ ہر پاکستانی کے لئے باعث فخر ہے۔ یہ بات انہوں نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس  کے زیر اہتمام ڈرائیونگ لائسنسنگ اتھارٹی میں تقریب سے خطاب بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس، ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور دیگر سینئر افسران و ملازمین نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید اور انسپکٹر جنرل، ڈاکٹر سید کلیم امام نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈ یپار ٹمینٹل پروموشن کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ترقی پانے 10 چیف پیٹرول آفیسر جبکہ 39 اسسٹنٹ پیٹرول آفیسرکو تر قی کے بیجز لگائے۔  28کلاس فور ملازمین کو ایل ڈی سی کے عہدے پر ترقی کے تقرر نامے دئیے،اس کے علاوہ نئی تقرریاں پانے والے ملازمین، وزیر اعظم معاونت کے خصوصی پیکیج کے تحت شہداء اور دورانِ ملازمت وفات پانے والے ملازمین کے ورثا کو بھرتی کے تقرر نامے دئیے۔ وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مو ٹروے پولیس کے افسران نے محنت، لگن، ایمانداری اور جوش و جذبے سے سر شار ہوکر عوام کی خدمت کر کے محکمے کا نام روشن کیا ہے، موٹروے پولیس کی پذیر ائی میں تمام افسران اورجوانوں کی محنت، حسن اخلاق اورجذبہ کارفرما ہے جو نہ صرف موٹروے پولیس بلکہ ہر پاکستانی کے لئے باعث فخر ہے۔ موٹروے پولیس محدود وسائل کے باوجود بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سیدکلیم امام ایک پروفیشنل پولیس آفیسر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجود حکومت کی ا والین ترجیح پاکستان کے پسماند ہ علاقوں میں سڑکو ں کی تعمیر اور ان کے معیار کو بہتر بنا تے ہوئے انہیں سی پیک میں شامل کر ناہے۔ گوادر تک مغربی روٹ جلد مکمل کر لیا جائے گا۔موٹروے پولیس میں بھرتی اور تمام کام میرٹ پر مبنی ہیں، دوسرے اداروں کو بھی میرٹ پر کام کرنا چاہئے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرے پولیس ایک بہترین ادارہ ہے اور اس کے افسران موٹرویز اور شاہراہوں پر مسافروں کو تحفظ دیتے ہوئے موثر قانون کے نفاذ کو یقینی بنابا رہی ہے۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویزاینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ افسران کی ترقی ان کی بہترین کارکردگی اور میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہے، سروس میں ترقی ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے،لہذا افسران مزید محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے ادارے کا نام مزید روشن کر نے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ انسپکٹر جنرل ڈاکٹر سید کلیم امام نے مزید کہا کہ ترقیوں کے علاوہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے مختلف کیڈرز میں مکمل شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر بھرتیاں کی ہیں۔حال ہی میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے سکیل ایک سے سکیل5 تک کے عہدوں پر نان یونیفارم اہلکاروں کی مقامی بنیادوں پر بھرتی کے ساتھ ساتھ حال ہی میں وزیر اعظم معاونت کے خصوصی پیکیج کے تحت شہداء اور دورانِ ملازمت وفات پانے والے ملازمین کے آٹھ ورثاء کو خالصتاً میرٹ پر بھرتی کیا ہے۔ اس کے علاوہ جاپ ڈسکپرشن کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے فلیٹ مینجمنٹ پالیسی متعارف کرائی گئی ہے۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس ملازمین کے لئے نئی میڈیکل پالیسی اور ہیلپ لائن 130 کو ایمرجنسی رسپانس نمبر اور ٹول فری کیا گیا ہے۔ تقریب کے آخر میں انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے مہمان خصوصی وفاقی وزیر مراد سعید کو نشان یادداشت اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے افسران اور ملازمین کی رہنمائی کے حوالے سے لکھی گئی کتاب پیش کی۔