میرپورخاص،10 جنوری (اے پی پی ): جماعت اسلامی میرپورخاص کے فلاحی ادارے الخدمت فاونڈیشن کے تحت میرپورخاص کے اخبار فروشوں میں سردی کے سخت ترین موسم میں سردی سے بچاو کیلئے اخبار فوشان کے مرکزی آفس میں رضائیاں تقسیم کی گئیں۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی میرپورخاص حاجی نور الہی مغل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی فلاحی الخدمت فاونڈیشن کی سرگرمیاں ہر طرح کے حالات میں جاری رہتی ہیں، آج جب کہ سخت ترین سردی کا موسم ہے اس حوالے سے کمزور طبقات میں گرم لحاف اور رضائیاں تقسیم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اخبار فروش بھی ہمارے معاشرے کا باعزت طبقہ ہے جو کہ محنت کے ساتھ اپنے بچوں کیلئے رزق حلال کمارہے ہیں۔
اس موقع پر اخباری یونین کے صدر محمد ایوب مہر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم جماعت اسلامی کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اخبار فروشوں کو یاد رکھتے ہوئے آج سرد ترین موسم سے بچاو کیلئے رضائیاں تقسیم کی آج تک کسی جماعت یا ادارے نے اس طرح اخبارفروشوں کی عزت افزائی نہیں کی جس پر ہم جماعت اسلامی کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔
اس موقع پر نادر خان صدر الخدمت فاونڈیشن اور پریس سیکریٹری عبدالرشید شیخ نے بھی خطاب کیا۔











