وزارت اطلاعات ونشریات ، میڈیا، پروڈکشن آرٹ و کلچر کے فروغ کیلئے  پرعزم ہے؛ وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز

169

اسلام آباد،9جنوری  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ میڈیا،آرٹ، سپورٹس اور کلچر سمیت ہر شعبے میں تربیت انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے ، وزارت اطلاعات ونشریات ، میڈیا، پروڈکشن آرٹ و کلچر کے فروغ کے لئے نئے آنے والوں کوباقاعدہ تربیت فراہمی کے لئے مناسب ماحول فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے،اکیڈمی آف ایکسیلنس کو آئر لینڈ آف ایکسیلنس بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔

  وہ ہفتہ کو ریڈیوپاکستان اکیڈمی میں اکیڈمی آف ایکسیلنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات زاہدہ پروین ، ایڈیشنل سیکرٹری شاہیرہ شاہد ، ڈی جی ریڈیو پاکستان عبرین جان، پی آئی او سہیل علی خان کے علاوہ مختلف یونیورسٹیوں کے شعبہ میڈیا سائنسز کے سربراہان کی کثیر  تعداد تقریب میں شریک تھی ۔

  وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اکیڈمی آف ایکسیلنس کا آئیڈیا خواجہ نجم الحسن لیکر آئے تھے جسے آج عملی جامعہ پہنا دیا گیا ہے ، میڈیا اور پروڈکشن کے شعبے میں آنے والے نئے ٹیلنٹ کو اس پلیٹ فارم سے اپنی صلاحتیں بہتر انداز سے اجاگر کرنے میں مدد ملے گی ، ایسے کاموںمیں جب کمٹمنٹ ،ڈائریکشن اور ویزن آپس میں مل جائے تو مقصد کا حصول آسان ہوجاتا ہے ۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں میڈیا ، آرٹ اور پروڈکشن کی تربیت کے ادارے بہت کم ہیں جس کی وجہ سے ان شعبوں میں تربیت یافتہ لوگوں کی کمی شدت سے محسوس ہورہی ہے لیکن اس نئے ادارے کے قیام کے بعد یہاں پر تربیت حاصل کرنے کے لئے بہت سے نئے چہرے اور کامیاب کہانیاں ٹی وی ،ریڈیو اور میڈیا کی سکرینوں پر نظر آئیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اکیڈمی آف ایکسینلس میں تربیت حاصل کرنے والوں کو پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان سے بھی استفادہ حاصل کرسکیں گے جن کے پاس جدید ترین آلات اور تجربہ کار لوگ موجود ہیں ۔

 اکیڈمی آف ایکسیلنس کے سربراہ خواجہ نجم الحسن نے اکیڈمی کے قیام کے اغراض و مقاصد ، فیکلٹی ممبران اور فراہم کیے جانے والے کورسسزکے حوالے سے شرکاءکو آگاہ کیا ۔