اسلام آباد ، 28 جنوری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت صوبہ پنجاب میں ہیلتھ کارڈز کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات میں پیش رفت پر جائزہ اجلاس ہوا ۔
اجلاس میں پنجاب کی صوبائی کابینہ کی جانب سے حال ہی میں صوبے کی 100 فیصد آبادی کو یونیورسل ہیلتھ کوریج کی فراہمی کی منظوری کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ،پنجاب کی سو فیصد آبادی کو اس سال کے آخر تک ہیلتھ کارڈ کی فراہمی میں اب تک ہونے والی پیش رفت، اور اہداف کے حصول کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔
اس مالی سال کے اختتام تک پنجاب کے 7 اضلاع کی مکمل آبادی کو ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کر دی جائے گی جبکہ دسمبر 2021 تک پنجاب کے تمام اضلاع میں ہیلتھ کارڈز کی فراہمی کر دی جائے گی ۔
وزیراعظم عمران خان نے صوبہ پنجاب میں عوام الناس کو ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات میں پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بد قسمتی سے ماضی میں صحت کے نظام میں غریب طبقے کے تحفظ پر توجہ نہ دی گئی۔ ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کی بدولت غریب اور مستحق افراد صحت کی معیاری سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔
اجلاس میں وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، صوبائ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد اور سینیئر افسران اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔