وزیرِ اعظم عمران خان سے خواتین اراکینِ قومی اسمبلی کی ملاقات

91

اسلام آباد،23جنوری(اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان سے خواتین اراکینِ قومی اسمبلی نے ہفتہ کو یہاں ملاقات کی ہے۔ملاقات کرنے والوں میں رکنِ قومی اسمبلی عاصمہ قدیر اور جھنگ سے غلام بی بی بھروانہ شامل تھیں۔

ممبر قومی اسمبلی عاصمہ قدیر نے وزیرِ اعظم کو سسٹین ایبل ہاؤس ہولڈ سے متعلق منصوبے سے آگاہ کیا، منصوبے کے تحت کچن گارڈننگ اور چھوٹے پیمانے پر پولٹری کی مدد سے نہ صرف متوسط گھرانے کی گھر کی ضروریات پوری ہو سکیں گی بلکہ ان سے روزگار بھی کمایا جا سکے گا اور یہ منصوبہ نہ صرف کم سے کم کاربن فٹ پرنٹ کی وجہ سے ماحول دوست ہے بلکہ کسی بھی گھر کو اپنے تئیں ایک سسٹین ایبل یونٹ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

 عاصمہ قدیر نے وزیرِ اعظم کے بلین ٹری سونامی کے مثبت نتائج پر وزیرِ اعظم کو مبارکباد پیش کی اور شجرکاری کے جاری اقدام سے آگاہ کیا جس میں انکو این ایچ اے کا تعاون حاصل ہے

غلام بی بی بھروانہ نے وزیرِ اعظم کو جھنگ میں جاری عوامی فلاح کے منصوبوں سے آگاہ کیا اور سیال شریف میں بڑھتی ہوئی ضرورت کے پیشِ نظر گیس کی دستیابی کی تجویز پیش کی۔

وزیرِ اعظم نے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین ارکانِ پارلیمنٹ اپنے حلقے کے مسائل کیلئے بالعموم اور خواتین کے مسائل کے حل  کیلئے بالخصوص مؤثر کردار ادا کررہی ہیں جو خوش آئند بات ہے۔

ملاقات میں معاونِ خصوصی برائے سیاسی امور ملک عامر ڈوگر بھی موجود تھے۔