اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بنیادی صحت کی سستی سہولیات کی ہر شہری تک رسائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت سرکاری ہسپتالوں میں نظام کی بہتری کے ساتھ ساتھ نجی ہسپتالوں کو سستی زمین فراہم کر رہی ہے تاکہ غریب گھرانوں میں کوئی بھی علاج سے محروم نہ رہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پنجاب کی وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیرِ اعظم کو پورے پنجاب کے دو کروڑ 22 لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ کے اجراء پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایات کے عین مطابق پنجاب کے 100 فی صد خاندانوں کو 12 ماہ کے اندر فی خاندان سات لاکھ 20ہزار کے ہیلتھ لارڈ کا اجراء مکمل کر لیا جائے گا۔ رواں مالی سال جون تک پنجاب کی 45 فیصد آبادی جس میں ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے سات اضلاع شامل ہیں، میں ہیلتھ کارڈ کا اجراء مکمل ہو جائے گا۔ باقی اضلاع میں ہیلتھ کارڈ کا اجراء دسمبر 2021 تک مکمل کرکے پورے پنجاب کو ہیلتھ کارڈ جاری کرنے کا ہدف پورا کرلیا جائے گا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ ہیلتھ کارڈ سے کسی بھی سرکاری اور پینل پر موجود نجی ہسپتالوں سے علاج معالجہ کی سہولیات حاصل کی جا سکیں گی۔ وزیرِ اعظم نے ان اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سستی بنیادی صحت کی سہولیات کی ہر شہری تک رسائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت سرکاری ہسپتالوں میں نظام کی بہتری کے ساتھ ساتھ نجی ہسپتالوں کو سستی زمین فراہم کرکے اس بات کو یقینی بنانے جا رہی ہے کہ غریب گھرانوں میں بیماری کی صورت میں وسائل کی عدم دستیابی پر کوئی علاج سے محروم نہ رہے۔