صنعت کاری کے عمل میں رکاوٹیں ڈالنے کےبجائے صنعت کاروں کو سہولتیں فراہم کی جائیں: صوبائی وز یر صنعت و تجارت

69

لاہور،04 جنوری(اے پی پی): صوبائی وز یر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ صنعت کاری کے عمل میں رکاوٹیں ڈالنے کے بجائے صنعت کاروں کو سہولتیں فراہم کی جائیں،صنعتی مراکز کی آباد کاری کے لیے صنعت کاروں کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔

صوبائی وز یر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پیڈمک کی کارکردگی، بجٹ، ریونیو، انفراسٹرکچر کی فراہمی، صنعتی مراکز کی آباد کاری اور دیگر امور  پر تبادلہ خیال لیا گیا۔اجلاس میں انڈسٹریل اسٹیٹس کی آباد کاری کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پیڈمک انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تعاون سے ڈیش بورڈ بنائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیش بورڈ پر ایک کلک کے ذریعے پلاٹوں پر لگنے والے صنعتی یونٹس، پلاٹ کی ملکیت اور تمام معلومات دستیاب ہونی چاہیے،صنعتی مراکز کے قیام کا مقصد صنعت کاری ہے نہ کہ پلاٹوں کی خریدو فروخت۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہور ملتان موٹروے پر ملتان کے نزدیک سٹیٹ آف سے آرٹ انڈسٹریل اسٹیٹ بنائی جائے گی، درآمدات کا متبادل تیار کرنے والی صنعت کو ترجیح دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ  درآمدات پر انحصار کم کرکے برآمدات بڑھانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس کے ریونیو کا کچھ حصہ فلاحی کاموں پر خرچ کرنے کا پلان بنایا جائے۔  سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں 600 ملین سے بننے والے پاکستان ڈرگ ٹیسٹنگ اینڈ ریسرچ سنٹر سے فائدہ نہ اُٹھانا قابل افسوس ہے۔  اس سنٹر سے بھر پور استفادے کے لیے قابل عمل فنانشل ماڈل بنایا جائے۔

 اجلاس کو بتایا گیا کہ صنعتی مراکز میں عالمی معیار کے انفراسٹرکچر اور صنعت کاروں کو بہترین سہولتوں کی فراہمی سے صنعتی یونٹس تیزی سے لگ رہے ہیں۔