وزیر اعظم عمران خان حالات سے سمجھوتہ کر نیوالے نہیں ڈٹ جانے والے لیڈر ہیں : گور نر پنجاب

60

لاہور،27جنوری(اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان حالات سے سمجھوتہ کر نیوالے نہیں ڈٹ جانے والے لیڈر ہیں ،  سب جانتے ہیں وزیر اعظم عمران خان جو کہتے ہیں کر کے بھی دکھاتے ہیں۔

بدھ کو  یہاں قومی اسمبلی مجلس قائمہ خزانہ کے چیئرمین فیض اللہ کاموکا سے ملاقات  دوران گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ  اپوزیشن اے سے لیکر زیڈ تک جتنے مرضی پلان بنا لیں فر ق نہیں پڑتا ہے، پی ڈی ایم کے پہلے تمام پلان فیل ہوچکے ہیں، آئندہ بھی فیل ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم جماعتیں کبھی ایک پیج پر آئی ہیں اور نہ ہی آئندہ آئیں گی ۔ ترقی کی راہ میں اپوزیشن کا رکاوٹوں کو منصوبہ ملکی مفاد میں نہیں ہے۔

 چوہدری محمد سرور نے کہا کہ حکومت اور اتحادی متحد ہیں مگر پی ڈی ایم میں درجن مختلف موقف ہیں، ملک میں احتساب کو بریک لگے گی نہ ہی حکومت اپنے موقف سے پیچھے ہٹے گی ۔ انہوں نے  کہا  کہ  مخالفین کے پاس کوئی نظر یہ اوراصول نہیں، پی ڈی ایم عارضی اتحاد ہے ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے احتجاج اور لانگ مارچ کی دھمکیوں سے خوفزدہ ہونے والی نہیں ہے، وزیر اعظم عمران خان ملک کو درست سمت میں لیکر جارہے ہیں۔

 اس موقع پر  فیض اللہ کاموکا نے کہا کہ پہلی بار عام آدمی کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام ہورہا ہے،  اپوزیشن کا انتشار اور فساد پر مبنی ایجنڈا ناکام ہوگا۔