وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر بغیر کسی سیاسی دباؤ کے قبضہ مافیا کے خلاف میرٹ پر آپریشن کیا جارہا ہے: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

86

سیالکوٹ24جنوری(اے پی پی): معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلی کی ہدایت پر بغیر کسی قسم کے سیاسی دباؤ کے قبضہ مافیا کے خلاف میرٹ پر آپریشن کیا جارہا ہے اور سرکاری اراضی پر غیر قانونی طریقے اور سیاست کو کاروبار بنانے والوں کے خلاف آپریشن پوری قوت سے جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ 181 ارب سے زائد مالیت کی ہزاروں ایکڑ زمین واگزار کروائی گئی جبکہ ن لیگ کے دس سالوں میں واگزار کروائی گئی زمین کی مالیت صرف 2.6 ارب روپے تھی۔ پنجاب میں شاہی خاندان قبضہ مافیاز کی پشت پناہی کرتا رہا بلکہ ن لیگ کے50 سرکردہ رہنما زمینوں پر قبضے میں ملوث ہیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اینٹی کرپشن پنجاب نے صرف ان 50 ن لیگیوں سے 460 ایکڑسے زائد زمین واگزار کروائی اور 3 ارب42 کروڑ روپے سے زائد ریکور بھی کئے۔ہر بڑے سکینڈل کے پیچھے ظل سبحانی کے کارندے پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے دلدادا شاہی خاندان نے 2013کے بعد رائیونڈ میں 446ایکڑ قیمتی اراضی ہتھیائی جس کی تحقیقات نیب میں چل رہی ہیں۔ظل سبحانی نے پہلے لاہور کا ماسٹر پلان بدلا اور قیمتی زمین کوڑیوں کے بھاؤ خریدی اور بعد میں گرین زمین کا سٹیٹس براؤن کرکے اپنی جائیداد کی مالیت اربوں روپے کر لی۔پیسوں کے پجاریوں نے اپنے فائدے کیلئے قوم کو اربوں کا چونا لگایا۔ہمارا پنجاب جو پورے پاکستان کا فوڈ باسکٹ تھا شوباز شریف نے قیمتی زرعی رقبوں پر رہائشی کالونیوں کے قیا م کی پالیسی اپنا کر غریب کسان سے روٹی کا نوالہ چھین لیا۔وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ پنجاب جیسے خوشحال زرعی معیشت کے حامل صوبے کو صنعتی صوبہ بنانے کے نام پر لوٹا گیا نتیجہ یہ نکلا کہ اب ہمارا صوبہ نہ زرعی رہا نہ صنعتی۔ جبکہ تحریک انصاف کی حکومت زراعت کے فروغ کے ساتھ ساتھ صوبہ میں 13 سپیشل اکنامک زون بنا رہی ہے۔  ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شوبازاور ان کا پورا ٹبر اور حواریوں نے فیکٹریاں کارخانوں اور شوگر ملوں کی سیاست کرتے ہوئے دھرتی ماں کے سینے پر ہریالی اور فصلوں کی بجائے ایسے ناکام صنعتی منصوبے شروع کیے جن کی آڑ میں اربوں روپے بیرون ملک منتقل کرکے ایوان فیلڈ محل خریدے گئے۔ معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کھوکھر برادران کے خلاف لاہور میں 38 کنال سرکاری زمین کی واگزاری کا بڑا آپریشن کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ لاہور نے 38 کنال سرکار کی زمین کھوکھر برادران سے واگزار کروا لی۔ زمین کی مالیت سوا ارب روپے ہے انہوں نے کہا کہ زمین کو خالی نہ کرنے اور عمل درآمد نہ کرنے پر آج گرینڈ آپریشن کیا گیا۔ 38 کنال جگہ پر بنے سٹریکچرز اور دکانوں کو مسمار کر دیا گیا۔اے ڈی سی آر لاہور اور ایس ایس آپریشنز نے آپریشن نے نگرانی کی اور زمین کو واگزار کروا کر پنجاب حکومت کے حوالے کر دی گئی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے خواجہ محمد آصف کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ کینٹ ہاوسنگ میں پبلک پارک کی زمین غیر قانونی قبضہ کررکھا ہے جبکہ اپنی بیوی اور بیٹے کے نام پر جائیدادیں بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ ن لیگی ایم پی اے رانا لیاقت 5 غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹییاں بنا کر عوام کو لوٹ رہے ہیں جبکہ ایک اور ایم پی اے چودھری ارشد وڑائچ نے 12کنال محکمہ انہار زمین پر قبضہ کرکے پلاٹ بنا کر فروخت کیااور سوسائٹی کے ملحقہ نہر کے بند سے محکمہ انہار کی مٹی چوری کی اور چودھری ارشد وڑائچ کی بیٹی نے بطور چئیرپرسن ضلع کونسل اپنے والد کی سوسائیٹی کو منظور کیا جبکہ چودھری اکرام سابق ن لیگی ایم پی اے نے مرحومہ کی جائیداد کا جعلی انتقال کروایا۔انہوں نے کہاکہ مزید ن لیگی قبضہ مافیا محکمہ اینٹی کرپشن کے ریڈار پر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کی زیر قیادت عثمان بزدار قبضہ مافیا کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہیں اورعثمان بزدار کا دامن صاف ہے اس لئے وہ قبضہ مافیا کے سامنے ڈھیر ہونے کی بجائے ڈٹ کر کھڑا ہے۔معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع سیالکوٹ میں 27ارب کی165ترقیاتی اسکیمیں پر کام جاری یے.اس کے علاوہ 50نئی اسکیموں پر 70کروڑ روپے خرچ ہونگے۔ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام 30کروڑ کی 38اسکیموں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ پرائم منسٹر سسٹین ایبل ایچیومنٹ پروگرام کے 47اسکیموں 35کروڑ روپے لاگت آئے گی جبکہ پنجاب میونسپل سروسز پروگرام 27کروڑ 113اسکیموں پر کام جاری ہے اور حکومت پنجاب اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے تعاون سے سیالکوٹ شہر میں واٹر سپلائی, سینٹیشن 5ارب روپے کے ٹینڈر ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سیالکوٹ سٹی میں مقیم شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بوسیدہ پائپ لائینز کی تبدیلی, صفائی ستھرائی کے نظام کو مستحکم کرنے کیلئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو کروڑوں روپے کی مشینری اور گاڑیوں کی فراہمی، ویسٹ واٹر ٹرٹیمنٹ پلانٹس کی تعمیر، فلائی اوور کی تعمیر، پارکس کی اپ گریڈیشن اور مواصلات کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کر مجموعی طور پر 17ارب روپے کا تاریخی پیکج دیا ہے۔ یہ پیکج وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے مساوی فنڈز کے عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ صوبہ کے 9ڈویژن اور 36اضلاع میں مساوی ڈویلپمنٹ پیکج دیئے جارہے ہیں۔