اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، مولانا فضل الرحمان بند گلی میں جا رہے ہیں ،  شیخ رشید

87

راولپنڈی۔24جنوری  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، مولانا فضل الرحمان بند گلی میں جا رہے ہیں ، پی ڈی ایم لانگ مارچ کی تاریخ بتائے استقبال کریں گے، بلاول بھٹو ایک نہیں سو مرتبہ تحریک عدم اعتماد لائیں، عمران خان 5 سال پورے کریں گے،  ، رواں سال ہی مہنگائی اور بے روزگاری کو کنٹرول کریں گے، شہباز شریف نے 7 لاکھ 50 ہزار ڈالر نیب کو دیئے، راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، کشمیر کی آزادی کے لئے جو کام وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ اور دنیا بھر میں کیا ہے وہ آپ نہیں کرسکے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی اپنے مسائل خود حل کر لیں گی تاہم مجھے فضل الرحمٰن کی فکر ہے کیونکہ وہ بند گلی میں جا رہے ہیں اور ان کے ساتھ ہاتھ ہو جائے گا، ان سے کہتا ہوں کہ وہ مدرسے کے بچوں کو پڑھنے دیں اور آئیں ہم ایک ساتھ ختم نبوت، کشمیر کی آزادی اور اسرائیل کے خلاف ریلیاں نکالیں، وزیر داخلہ نے کہا کہ آپ چار الزامات لگا رہے ہیں، آپ یہودی کا الزام لگاتے ہیں، آپ ختم نبوت کا الزام لگاتے ہیں، آپ کشمیر اور اسرائیل کی بات کرتے ہیں، ان چاروں مسئلوں پر پورا راولپنڈی عہد کرتا ہے کہ دنیا ادھر سے ادھر ہو سکتی ہے لیکن اس پر کبھی مفاہمت نہیں ہوسکتی، انہوں نے کہا کہ عمران خان سینیٹ انتخابات کے حوالے سے بھی سپریم کورٹ میں گئے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ یہ اوپن بیلٹ کے ذریعے ہوں  ۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ تحریک عدم اعتماد لائیں گے، آپ سو مرتبہ لے کر آئیں، حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، انہوں نے کہا کہ مہنگائی اس لئے زیادہ ہوئی کہ چوروں نے بہت زیادہ لوٹا، ماضی میں ایسے معاہدے کئے گئے جس کی وجہ سے بجلی مہنگی کرنا پڑی، شکر ہے ترسیلات زر آرہی ہیں، ہم اپنے پاؤں پر کھڑے ہوگئے ہیں اور اس سال ہم مہنگائی اور بیروزگاری کو کنٹرول کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ میں وقت سے پہلے بات کرتا ہوں اور لوگ مذاق اڑاتے ہیں، میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا پی ڈی ایم والے استعفے نہیں دیں گے، ضمنی اور سینیٹ الیکشن میں حصہ لیں گے، میں ان سے کہتا ہوں کہ آئیں لانگ مارچ کی تاریخ بتائیں، اسی طرح آئیں جس طرح الیکشن کمیشن آئے ہیں تو آپ کا استقبال کریں گے اور آپ کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں کھڑی کی جائے گی، تاہم بندے اپنے لے کر آئیں،وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاناما کے بعد پاناما ٹو آگیا ہے، مجھے پتا ہی نہیں تھا کہ شہباز شریف نے 7 لاکھ 50 ہزار ڈالر نیب کو دیئے، انہوں نے کہا کہ یہ وزارت داخلہ ہر کسی کی ہے، اللہ نے مجھے 15ویں وزارت دی ہے، ہم نے برادری اور فرقوں کی سیاست نہیں کی، کوشش کی ہے آپ پر اور اس شہر پر کسی قبضہ گروپ، بدمعاش، تھانے کی چوہدراہٹ کا نام نہ ہو، یہ جستجو ہم جاری رکھیں گے، آخر میں انہوں نے پی ڈی ایم کو پیغام دیا کہ ضمنی اور سینیٹ انتخابات میں آپ حصہ لے رہے ہیں، استعفے آپ دے نہیں رہے بات ختم ہوگئی لیکن آپ اس لانگ مارچ پر بھی سوچیں تاکہ تھوڑا آپ کا پردہ رہ جائے گا۔