کوئٹہ،06 جنوری (اے پی پی): وزیر اعلی بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ سیکورٹی کی صورتحال کی بہتری کے لئے کوششیں جاری ہیں، پاکستان اور بلوچستان کے دشمن امن نہیں چاہتے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں تمام مشکلات کے باوجود امن و ترقی کے لئے کوشاں ہیں۔
وزیر اعلی بلوچستان جام کمال وفاقی وزراءسید زلفی بخاری، علی زیدی ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری بدھ کے روز کوئٹہ میں ولی عصر امام بارگاہ گئے اور علماءاہل تشیع و ہزارہ کمیونٹی کے معززین سے ملاقات کی۔ اس موقع شہداءسانحہ مچھ کے لئے دعا بھی کی گئی۔
وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہاکہ مچھ میں پیش آنے والا واقعہ درد ناک ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، مچھ واقعہ میں ملوث عناصر کو سخت سے سخت سزا دی جائے گئی اور ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
جام کمال خان نے کہا متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی و تعزیت کے لئے صدر، وزیر اعظم، وزراءسب آئیں گے، ہم سب کو اس واقعہ پر دلی دکھ ہوا ہے اور پوری قوم سوگوار ہے، یقین دلاتے ہیں کہ واقعہ کی تفتیش پوری تندہی سے اور ہر پہلو سے کی جائے گی۔











