پشاور؛سینیٹر سراج الحق کی سابق ایس ایس پی ارباب فتح گل کے گھر آمد،اہل خانہ سے تعزیت

79

پشاور،27جنوری(اے پی پی ): امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے بدھ کو یہاں  پشاور کا مختصر دورہ کیا اور اس دوران وہ سابق ایس ایس پی پشاور ارباب فتح گل کی وفات پر تعزیت کے لئے مرحوم کی رہائش پر گئے۔

 انہوں نے جماعت اسلامی پاکستان مرکزی راہنما وسابق رکن قومی اسمبلی شبیر احمد خان سے ان کے برادرنسبتی اور ڈاکٹر کاشف ارباب اور راشدخان سے ان کے والدسابق ایس ایس پی پشاور ارباب فتح گل کی وفات پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ارباب فتح گل کے ساتھ زمانہ طالب علمی سے قریبی اور دیرینہ تعلق رہا ہے۔ ارباب فتح گل اوصاف حمیدہ کے مالک تھے، ان کی کمی مدتوں پوری نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ارباب فتح گل نے کالج کے زمانے میں اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستگی کے دوران ہزاروں طلبہ کی درست سمت میں راہنمائی کے بعد عملی زندگی میں امانت اور دیانت کے ساتھ محکمہ پولیس میں اعلی مناصب پرجو گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں اس کی آج بھی لوگ معترف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ارباب فتح گل مرحوم نے اپنی پوری زندگی میں جو قابل تقلید جدوجہد کی ان کے لواحقین اور ہم سب اس عظیم مشن کو فروع دیں جوکہ اسلامی نظام حیات کا عملی نفاذ ہے۔

اس موقع پر انہوں نے مرحوم کی معفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کے قائمقام صوبائی امیر شیخ القرآن مولانا محمد اسماعیل،صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالواسع، ضلعی امیر عتیق الرحمن اور سابق ضلع ناظم پشاور ارباب محمد عاصم بھی موجود تھے۔