لاہور،07جنوری (اے پی پی):گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے جمعرات کو یہاں گورنر ہاوس میں ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی اور حکومتی امور پر بات چیت کی گئی۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ 2023 تک جنوری فروری مارچ آتے رہیں گے حکومت قائم رہے گی، پی ڈی ایم کے استعفوں سے حکومت نہیں ان کی اپنی اسمبلی رکنیت ختم ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان شفاف اور بلاتفریق احتساب سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، مسائل کا حل مذاکرات ہیں لانگ مارچ اور دھرنے نہیں ہیں۔
گورنر نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں شفافیت اور میرٹ کو حقیقی معنوں میں یقینی بنا رہی ہے ، ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کی ذمہ داری حکومت ہر صورت پوری کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام اپوزیشن نہیں حکومت کے ملکی ترقی کے بیانیے کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان آج کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے جو مخالفین کو برداشت نہیں ہورہا ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر شہبازگل نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے اور شفاف احتساب پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، وزیر اعظم عمران خان استعفیٰ دیں گے نہ ہی 2023سے پہلے الیکشن ہوں گے۔











